پنجاب تبدیلی کی راہ پر چل پڑا ہے 36سال بعد ہر طرف تبدیلی نظر آرہی ہے۔ڈاکٹر بابر اعوان
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)سابق وزیر قانون ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ پنجاب تبدیلی کی راہ پر چل پڑا ہے 36سال بعد ہر طرف تبدیلی نظر آرہی ہے،ایک سادہ شخص کو وزیر اعلیٰ پنجاب بنایا ہے جو عملی طور پر کام کر رہا ہے اور اسٹیج پر جا کر کوئی ڈرامے یا شعبدہ بازی نہیں کر رہا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق وفاقی سیکرٹری قانون پیر محمد مسعود چشتی کی والدہ کے انتقال پر ان رہائش گاہ نواحی گاﺅں 427ای بی میں تعزیت کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ دوسروں سے استعفوں کا مطالبہ کرنے والے شہباز شریف کو جب نیب نے طلب کیا تھا تو وہ استعفیٰ دیتے انہوں نے کہا کہ قوم نے کل دو بھائیوں کو ملتے دیکھا ایک پریشان اور دوسرا افسردہ تھا عوام نے فیصلہ کرنا ہے کہ یہ کیوں ایسا تھا گذشتہ 36 سالوں میں بڑے لوگ امیر سے امیر ہوتے گئے اور ملک معاشی طور پر کمزور ہوتا گیا بااثر اور بڑے لوگوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں تھا ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ بین الاقوامی برادری نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ملک بارے کئے گئے اقدامات اور ان کی قیادت کو تسلیم کیا ہے اور غیر ملکی سربراہان کی پاکستان آمد بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے اور اس سلسلہ گذشتہ دنوں ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد سے اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان نے ان سے ملاقات کروائی انہوں نے کہا کہ آنے والے پانچ سالوں میں ملکی ترقی کے بارے میں سارا منظر بدل جائیگا اس موقع پر صدر بار ملک فرقان یوسف ایڈووکیٹ،جنرل سیکرٹری چوہدری خرم ریاض،مقامی ایم پی اے کے بھائی سردار شاہد ڈوگر،سابق ایم پی اے ملک نوشیر لنگڑیال،محمد جاوید شاہین،سٹی صدر پی ٹی آئی ملک فاروق احمد اعوان اور تحصیل صدر چوہدری طارق محمود باجوہ کے علاوہ دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔