بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)پاکستان کسان اتحاد نے (3)اپریل کو واپڈا افسران کے ناروا رویہ،ماہانہ لاکھوں یونٹ بجلی چوری کرنے،کسانوں مزدوروں کا معاشی استحصال کرنے کے خلاف واپڈا دفاتر کے گھیراﺅ کا اعلان کر دیا،پاکستان کسان اتحاد کے مرکزی کوآرڈینٹر و ضلعی صدر ملک ذوالفقار احمد اعوان نے اپنے دفتر میں منعقدہ ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ٹیکسوں سے تنخواہیں لینے والے واپڈا اہلکار دفاتر میں فرعون بنے بیٹھے ہیں،واپڈا ملازمین و افسران کے گھروں میں فری سپلائی کے نام پر گرڈ اسٹیشن بنا کر ماہانہ لاکھوں یونٹ بجلی چوری کی جا رہی ہے بجلی چوری کے ذمہ دار واپڈا اہلکار اور افسران خود ہیں ماہانہ لاکھوں یونٹس کے لائن لاسسز کسانوں اور مزدوروں سے ڈیٹکشن کے نام پر وصول کیے جا رہے ہیں اور دفاتر میں بیٹھے افسران و اہلکاروں کا رویہ صارفین سے انتہائی ہتک آمیز ہے ان شکایات کے ازالہ کے لیے اب تک ہونے والے مذاکرات بے سود رہے ہیں اب واپڈا کی بدعنوانیاں،کسانوں و مزدوروں کا معاشی استحصال اور نامناسب رویہ ناقابل برداشت ہو چکا ہے کسان اور مزدور (3)اپریل کو اپنے ساتھ ہونیوالی ان زیادتیوں کے خلاف سروں پر کفن باندھ کر واپڈا کے دفاتر کا گھیراﺅ کریں گے اور پرامن احتجاج شکایات کے ازالہ تک جاری رہے گا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملک ذوالفقار اعوان نے مذید کہا کہ واپڈا کے دفاتر میں کئی کئی سالوں سے تعینات شرپسند عناصر اپنی اجارہ داری قائم کر کے واپڈا کو یرغمال بنائے ہوئے ہیں اور انکی بدعنوانیوں کی وجہ سے عوام میں حکومت کے خلاف ایک نفرت پیدا ہو رہی ہے یہی لوگ حکومت اور ادارہ کی بدنامی کا باعث بننے کے علاوہ عوام اور اداروں کے مابین کشیدگی پیدا کرنے کے ذمہ دار ہیں اگر حکومت نے 4اپریل سے قبل کرپٹ واپڈا افسران و اہلکاروں جو کہ کئی سالوں سے پرکشش سیٹوں پر بیٹھ کر صارفین کا خون نچوڑ رہے ہیں انکو تبدیل کر کے ان کے گھروں میں بنے منی گرڈایشن بند نہ کیے تو کسان راست اقدام پر مجبور ہو جائیں گے اجلاس میں ندیم سجاد،محمد مہران،چوہدری اصغر،یٰسین جملیرا،عمران وڑائچ،عباس،محمد بوٹا،مجید سکھیرا،رضا وڑائچ،فوجی امین،چوہدری مشتاق،چوہدری شفیق،محمد آصف،شمشاد علی آف مرضی پورہ کے علاوہ دیگر کسان بھی موجود تھے۔