سی ٹی ڈی پولیس کی درندگی نے شادی والے گھر میں صف ماتم بچھا دی
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)پولیس کی درندگی نے شادی والے گھر میں صف ماتم بچھا دی،اپنے عزیز کی شادی کی شرکت میں آنے والے میاں بیوی کو بیٹی اور ڈرائیور سمیت قتل کر دیا،لاہور کا رہائشی محمدخلیل بیوی بچوں سمیت کار پر سوار شادی میں شرکت کرنے 293 ای بی آ رہا تھا،قادر آباد ساہیوال کے نزدیک پولیس نے کار پر اندھا دھند فائرنگ کر کے محمد خلیل اس کی بیوی نبیلہ بی بی،بیٹی اور کار ڈارائیور کو قتل کر دیا،فائر لگنے سے 11سالہ بیٹا زخمی،دو بیٹیاں معجزانہ طور پر محفوظ،ہلاکتوں کی اطلاع ملتے ہی ورثاء اور علاقہ مکینوں نے لاہور ملتان روڈ کو اڈا مانا پر شدید احتجاج کرتے ہوئے بند کر دیا،تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز محمد خلیل اپنے بیوی بچوں سمیت کار پر سوار لاہور سے اپنے عزیز رضوان ولد مولوی حنیف کی شادی میں شرکت کیلئے نواحی گاﺅں293ای بی آ رہا تھا کہ جب وہ قادر آباد ساہیوال کے نزدیک پہنچے تو تعاقب کرتی پولیس نے ان کی کار پر اندھا دھند فائرنگ کر دی فائرنگ کے نتیجہ میں محمد خلیل اس کی بیوی نبیلہ بی بی،بیٹی اور کار ڈرائیور موقع پر ہی ہلاک ہو گئے کار میں سوار محمد خلیل کا 11سالہ بیٹا بھی فائر لگنے سے زخمی ہو گیا جبکہ کار سوار دو کمسن بچیاں معجزانہ طور پر محفوظ رہیں اپنے پیاروں کی ہلاکتوں کی اطلاع ملتے ہی شادی والے گھر میں صف ماتم بچھ گئی پتہ چلا ہے کہ پولیس کو شک تھاکہ کار میں بچوں کو اغواء کر کے لے جایا جا رہا ہے مقتولین کے ورثاء اور علاقہ کے سینکڑوں مشتعل افراد نے شدید احتجاج کرتے ہوئے لاہور ملتان روڈ کو اڈا مانا موڑ پر رکاوٹیں کھڑی کر کے بلاک کر دیا ورثاء کا چیف جسٹس آف پاکستان سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ۔