ساہوکا میں 6سالہ بچہ کھیلتے ہوئے گہرے کنویں میں گر گیا،ریسکیو نے زندہ سلامت نکال لیا
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)ساہوکا کے نواحی گاﺅں میں6سالہ بچہ کھیلتے ہوئے گہرے کنویں میں گر گیا اطلاع ملنے پر ریسکیو1122 ٹیم نے بچہ کو 2گھنٹے کی جدوجہد کے بعد بحفاظت کنویں سے نکال لیا،تفصیلات کے مطابق ساہوکا کے نواحی گاوں 37کے بی میں ریاض ولد نادر بھٹی نامی شخص نے گندے پانی کے نکاس کیلئے گلی میں 25فٹ گہرا کنواں کھود رکھا تھا جس میں گذشتہ روز اسی گاﺅں کے رہائشی محمد علی کا 6سالہ بچہ کھیلتے ہوئے گر گیا اور نیچے ریت میں دھنس گیا،اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھا نہ ساہوکا انسپکٹر ذوالفقار اولکھ اور ریسکیو1122 کے اہلکار اطلاع پر بروقت موقع پر پہنچ گئے اور مشترکہ طور پر جدوجہد کر کے بچے کو 2گھنٹے کے بعد بحفاظت کنویں سے نکال لیا بچے کے ورثا نے پولیس اور ریسکیو1122 کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا جبکہ ایس ایچ او ساہوکا انسپکٹر ذوالفقارعلی اولکھ نے کنواں کھودنے والے شخص ریاض بھٹی کو موقع سے گرفتار کر کے اسکے خلاف کاروائی کا آغاز کر دیا ہے۔