کسانوں سے کئے گئے وعدوں پر حکومت عملدرآمد کروائے۔ملک ذوالفقار اعوان
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)پاکستان کسان اتحاد کے صدر ملک ذوالفقار اعوان نے کہا ہے کہ کسان اور مزدور ملک کے پرامن شہری ہیں جو اپنے حقوق کے لئے مطالبات کے حق میں پرامن احتجاج کرتے رہیں گے،کسانوں اور مزدوروں کے جائز مطالبات کو حل کرنا حکومت کی ذمہ دار ہے،زراعت ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہے،ملک کو معاشی اور اقتصادی طور پر مستحکم کرنے اور ایک خوشحال پاکستان کا خواب کسانوں کو انکا جائز حق دئیے بغیر ممکن نہیں،حکومت پنجاب نے لاہور میں کسانوں کے دھرنا کے بعد مذاکرات کے دوران جن مطالبات کو پورا کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی،بیورو کریسی ان مطالبات کے حل میں تاخیری حربے استعمال کر کے حکومت اور کسانوں کے مابین خلیج بڑھانا چاہتی ہے کسانوں کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ خارج کر کے کرپٹ واپڈا اہلکاروں کو ضلع بدر کیا جائے واپڈا نے ابھی تک کسانوں پر لگایا گیا موٹر ٹیکس ختم نہیں کیا،کھادوں اور زرعی ادویات کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے تاکہ کسانوں میں پائی جانے والی غیر یقینی کی صورتحال کا خاتمہ ہو سکے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں منعقدہ کسانوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے لاہور میں احتجاجی دھرنے کی کامیابی پر کسانوں کو مبارکباد اور انکا شکریہ ادا کیا اس موقع پر ندیم سجاد،محمد مہران،ملک محمد شاہد،محمد بوٹا،چوہدری محمد اصغر،چوہدری عمران وڑائچ،رضا فاروق وڑائچ،جان محمد بھٹی،حفیظ اللہ بھٹی،محمد ابصار،فوجی محمد سلیم اور دیگر کسان راہنما بھی موجود تھے۔