بے نامی اکاﺅنٹس کے بعد بے نامی این ٹی این نمبر،آفتاب نذیر کے نام پر جعلی این ٹی این سامنے آ گیا
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)ملک میں بے نامی اکاﺅنٹس کے بعد ایف بی آر کا بے نامی این ٹی این نمبر،بورے والا کے نوجوان آفتاب نذیر کے نام پر اسکی مرضی کے بغیر لگایا گیا این ٹی این نمبر سامنے آ گیا ہے،تفصیلات کے مطابق ملک میں بے نامی اکاﺅنٹس منظر عام پر آنے کے بعد ایف بی آر کی مبینہ نااہلی کے باعث بورے والا کے مقامی پریس فوٹوگرافر آفتاب نذیر کے شناختی کارڈ پر 2017ء میں لگایا گیا این ٹی این نمبر اس وقت سامنے آیا جب اس نے اپنے وکیل چوہدری محمد عمران دانیوالیہ کے ذریعے ایف بی آر کو اپنے کاروبار کے حوالے سے این ٹی این نمبر کے حصول کیلئے درخواست آن لائن کی تو ایف بی آر کی ویب سائٹ سے پتہ چلا کہ اسکے شناختی کارڈ پر (دبئی فرنیچر مارٹ) کے نام سے این ٹی این نمبر پہلے ہی جاری ہو چکا ہے جس پر آفتاب نذیر نے اپنے وکیل کے ذریعے اس معاملے کی تحقیقات کیلئے درخواست جمع کروا دی ہے وکیل کے مطابق کبھی انہوں نے ایسا کیس نہیں دیکھا کہ شناختی کارڈ ہولڈر کی مرضی کے بغیر اسکا این ٹی این لگایا گیا ہو جو کہ ایف بی آر حکام کیلئے بھی ایک نیا کیس ہو گا جس کیلئے ایف بی آر کو تحقیقات کر کے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کرنی چاہیئے آفتاب نذیر کا کہنا ہے کہ اسکا شناختی کارڈ استعمال کر کے جعل سازی کے ذریعے (دبئی فرنیچر مارٹ) جس کا ایڈریس بھی سامنے نہیں آ رہا اسکے نام پر این ٹی این نمبر جاری کر دیا گیا ہے اس نے ایک تحریری درخواست کے ذریعہ چیئرمین ایف بی آر سے اس معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کی جائے۔