پی ٹی آئی کے امیدواروں کا انتخابی مہم کے سلسلہ میں بغیر اجازت ورکرز کنونشن کو پولیس نے رکوا دیا

بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے آزاد امیدواروں کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں بغیر اجازت ورکرز کنونشن کو پولیس نے رکوا دیا،پولیس کی بھاری نفری ورکرز کی آمد سے قبل ہی پہنچ گئی،پنڈال کے باہر پولیس کی نفری تعینات اندر پی ٹی آئی ورکرز کی نعرے بازی،تفصیلات کے مطابق حلقہ این اے 156 سے پی ٹی آئی کی امیدوار عائشہ نذیر جٹ اورپی پی 231 سے امیدوار سردار خالد نثار ڈوگر کی رہائش گاہ پر انتخابی مہم کے آغاز کیلئے بلائے گئے ورکرز کنونشن کو شروع ہونے سے قبل ہی پولیس کی بھاری نفری نے پہنچ کر رکوا دیا پنڈال میں لگی تمام کرسیاں اکٹھی کروا کے ساﺅنڈ سسٹم بھی بند کروا دیا تاہم پولیس کی بھاری نفری اس پنڈال کی چار دیواری سے باہر موجود رہی لیکن ورکرز کی ایک بڑی تعداد وہاں پہنچ کر نعرے بازی کرتی رہی پی ٹی آئی راہنماﺅں سردار خالد نثار ڈوگر،طاہر نقاش جٹ،ملک فرقان یوسف کھوکھر اور سردار راشد عظیم نے خطاب کرتے ہوئے پولیس کی اس کاروائی کو سراسر زیادتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جتنی مرضی رکاوٹیں کھڑی کر لیں 8فروری کو پی ٹی آئی ہی کامیاب ہو گی کارکنان نے خوف کے بت توڑ دیئے ہیں اور پولنگ کے دن اپنے ووٹ پرمکمل پہرہ دیں لیول پلینگ دینے کی باتیں اب مذاق بن چکی ہیں دیگر جماعتیں کھلے عام جلسے کر رہی ہیں لیکن پی ٹی آئی کو چار دیواری کے اندر بھی ریاستی جبر کا نشانہ بنایا جا رہا ہے پولیس کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ کنونشن بغیر اجازت منعقد ہو رہا تھا جو الیکشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔