بیوی بچوں پر ظلم کرنے والے سفاک ملزم بارے اہم انکشافات۔ڈی پی اوعیسی خاں

بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)بیوی اور چار بچوں کو تین ماہ تک قید میں رکھ کر ان پر شرمناک تشدد کرنے والا جنونی ملزم پولیس نے گرفتار کر لیا،ملزم ناصرف اپنے بیوی بچوں پر تشدد کرتا تھا بلکہ ناقابل بیان ظلم بھی کرتا تھا اس امر کا انکشاف ڈی پی او وہاڑی عیسی خاں سکھیرا نے ڈی ایس پی محمد عمر فاروق اور ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر میڈم روبینہ عباس کے ہمراہ سیرین کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سابق ایم پی اے چوہدری محمد یوسف کسیلیہ،صدر وہاڑی چیمبر آف کامرس میاں خالد حسین،مسلم لیگ(ق) کے راہنما چوہدری صدیق یوسف آرائیں،صدر بار ہمایوں شکیل چیمہ،صدر مرکزی انجمن تاجران چوہدری محمد صغیر رامے،چیئرمین چاچا محمد اسلم،جنرل سیکرٹری شیخ عابد فاروق اور دیگر نمائندہ شخصیات بھی موجود تھیں ڈی پی او وہاڑی عیسی خاں سکھیرا نے بتایا کہ سفاک ملزم قاضی احمد دو ماہ سے بیوی اور بچوں کو اپنے گھر میں یرغمال بناتے ہوئے ان کے جسموں پر لائٹر جلا کر اور چھریوں سے تشدد کرتا رہا جس سے بیوی اور بچوں کے جسم چھلنی ہو چکے ہیں ملزم اتنا سفاک ہے کہ وہ نہ صرف بچوں پر یہ ظلم کرتا رہا بلکہ اپنی بیٹی کے ساتھ ناقابل بیان جرم بھی کیا جو مقدمہ کی دفعات میں شامل ہے اور اس سارے عمل میں اس کا والد قاضی قادر بھی شریک جرم ہے جسے ایف آئی آر میں نامزد کر دیا گیا ہے پولیس نے 12 گھنٹے طویل جدوجہد کے بعد ملزم سے مذاکرات کے بہانے اندر داخل ہو کر اس پر قابو پایا ملزم نے دو فائر بھی کئے لیکن خوش قسمتی سے پولیس اور اس کے قریبی رشتہ دار اس کی زد میں نہیں آئے سفاک ملزم کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور اس آپریشن میں بہترین حکمت عملی کے تحت قابل ستائش ذمہ داریاں پوری کرنے والے پولیس اہلکاروں کو خصوصی انعامات کیلئے بھی سفارش کی جائیگی اس کے علاوہ شہر میں آئس کا کاروبار کرنے والوں کا سراغ لگا کر انہیں بھی عبرت کا نشان بنانا جائے گا۔