ملک میں ایک لاکھ 89 ہزار اشرافیہ کو مفت بجلی کی فراہمی بند کی جائے۔چوہدری صدیق

بورے والا(کاشف اقبال چوہدری سے)مرکزی تنظیم تاجران پاکستان ضلع وہاڑی کے صدر چوہدری صدیق یوسف آرائیں نے بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کے ناقابل برداشت بلوں نے تاجروں اور عوام کی زندگی کو اجیرن بنا دیا اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے تجارتی و صنعتی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں جبکہ مہنگی بجلی کے باوجود گھنٹوں لوڈشیڈنگ نے کاروبار تباہ کر دیئے ہیںان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا چوہدری محمد صدیق آرائیں نے کہا کہ حکومت نے ٹرانسمشن لائنز،لائن لاسز اور بجلی چوری روکنے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کیے اور اشرافیہ کو سالانہ 34 کروڑ سے زائد مفت بجلی کے یونٹس دینا عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے ملک میں ایک لاکھ 89 ہزار اشرافیہ کو مفت بجلی کی فراہمی بند کی جائے اور مہنگے بجلی کے معائدے ختم کیے جائیں اگر حکومت وقت نے بجلی کی قیمت میں اضافہ واپس نہ لیا تو مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے پلیٹ فارم سے ملک گیر احتجاجی تحریک چلائیں گے۔