مسلح ڈکیتی کی واردات میں ڈاکوﺅں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا سابق نائب ناظم ہسپتال میں دم توڑ گیا
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)مسلح ڈکیتی کی واردات میں ڈاکوﺅں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا سابق نائب ناظم ہسپتال میں دم توڑ گیا،مقتول کے ورثاءاور علاقہ مکینوں کا ہسپتال اور چونگی نمبر5پر احتجاجی مظاہرہ،مظاہرین نے ٹائر جلا کر مین ملتان روڈ بلاک کر دی،بڑھتی ہوئی وارداتوں پر قابو نہ پانے پر پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی،احتجاج کی وجہ سے ٹریفک ایک گھنٹہ تک مفلوج ہو کر رھ گئی،پولیس کی جانب سے دو روز میں ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی پر احتجاج موخر،تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز تھانہ سٹی کی حدود میں بابر سنیما کے قریب دو مسلح ڈاکوﺅں نے نواحی گاﺅں307ای بی کے رہائشی مقامی آڑھتی اور سابق نائب ناظم سردار محمد ڈوگر سے گن پوائنٹ پر 5لاکھ روپے نقدی لوٹ کر فائرنگ کرکے اُسے شدید زخمی کر دیا تھا جسے تشویشناک حالت میں نشتر ہسپتال ملتان ریفر کر دیا گیا تھا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا اُسکی موت پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اُسکے ورثاءاور علاقہ مکینوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں احتجاج کرنے کے بعد چونگی نمبر5پر احتجاجی مظاہرہ کیا ڈنڈا بردار مظاہرین نے ٹائر جلا کر مین ملتان روڈ اور ذیلی راستوں کو بند کر دیا جس سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اس موقع پر مظاہرین کی قیادت کرتے ہوئے ڈکیتی کی وارداتوں سے شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں ڈاکوﺅں کے گروہ دندناتے پھر رہے ہیں پولیس ان وارداتوں پر قابو پانے میں بری طرح ناکام ہے اگر پولیس نے ملزمان کو گرفتار نہ کیا تو ہمارا احتجاج جاری رہے گا انہوں نے متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز کے فوری تبادلے اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا اس موقع پر پاکستان کسان اتحاد کے ضلعی صدر ملک ذوالفقار اعوان نے بھی مظاہرین سے اظہار یکجہتی کیا اور ڈی ایس پی طاہر مجید ملک سے ملزمان کی جلد گرفتاری کے لیے مذاکرات کیے پولیس نے ملزمان کی دو روز میں گرفتاری کی یقین دہانی کروائی جس کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔