دو طلباء تنظیموں کے مابین رات گئے اندھا دھند فائرنگ کا تبادلہ،فائرنگ کی زد میں آکر 7سالہ معصوم راہگیر بچہ زخمی
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)دو طلباء تنظیموں کے مابین رات گئے اندھا دھند فائرنگ کا تبادلہ،فائرنگ کی زد میں آکر 7سالہ معصوم راہگیر بچہ زخمی،دو تھانوں کی پولیس ایک گھنٹہ تاخیر سے پہنچنے پر ملزمان کو گرفتار کرنے کی بجائے تھانے کی حدود کا تعین کرتے رہے،علاقہ پٹواری نے آکر وقوعہ کی حدود کا تعین کیا،پولیس نے ایک راہگیر ڈرائیور کو پکڑ کر اُسے مقدمہ میں نامزد کروا دیا،طلباء تنظیموں کے 10نامزد ملزمان سمیت15 افراد کے خلاف مقدمہ درج، تفصیلات کے مطابق مقامی طلباء تنظیموں ایم ایس ایف اور ایم ایس ایم کے مابین تنازعہ چل رہا ہے کہ گذشتہ شب دونوں طلباء تنظیموں کے کارکنان کا سٹیڈیم کے عقب میں واقع پل نہر پر آمنا سامنا ہو گیا تو ایکدوسرے کو دیکھتے ہی پہلے ہوائی فائرنگ شروع کر دی اسکے بعد دونوں جانب فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا اس دوران مقامی آبادی کا رہائشی محمد منور نامی شخص اپنے7سالہ بیٹے شہیر کے ہمراہ شاپنگ کرکے گھر واپس آ رہا تھا کہ ایک فائر اُسکے بیٹے کے سر میں لگا جس سے وہ زخمی ہو گیا بچے کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بورے والا منتقل کر دیا گیا واقعہ کی اطلاع ملنے کے باوجود پولیس ایک گھنٹہ تاخیر سے موقع پر پہنچی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچنے والے تھانہ ماڈل ٹاﺅن اور تھانہ سٹی کے ایس ایچ اوز ملزمان کا تعاقب کرنے کی بجائے وقوعہ کی حدود کا تعین کرتے رہے اُنکی بحث و تکرار دیکھ کر زخمی بچے کا والد محمد منور محکمہ مال کے پٹواری کو موقع پر لے آیا جس نے حدود کا تعین کرکے بتایا کہ وقوعہ تھانہ ماڈل ٹاﺅن کی حدود میں ہوا ہے دلچسپ امر یہ ہے کہ تھانہ ماڈل ٹاﺅن کے ایس ایچ او اپنے تھانہ کی حدود سے بھی بے خبر تھے جس کے بعد پولیس نے محمد عباس چوہان نامی ایک ڈرائیور کو پکڑ کر اُسے اس وقوعہ کے مقدمہ میں مرکزی ملزم بنا کر مقدمہ درج کر لیا جبکہ دیگر 9نامزد ملزمان راﺅ فرحان،راﺅ عدنان،قاسم عرف قاسمی،فواد خاں،علیم،یاور سلدیرا،ریحان،نوید جٹ،بالی جٹ،بلی خاں سمیت 15ملزمان کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کر لیا لیکن تاحال طلباء تنظیموں کا کوئی بھی نامزد ملزمان گرفتار نہیں ہو سکا۔