تحصیلدار کی عدم دستیابی کے باعث رجسٹریاں نہ ہونے سے سائلین شدید مشکلات میں مبتلا

بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)تحصیل آفس بورےوالا میں سب رجسٹرار/ تحصیلدار کی عدم دستیابی کے باعث گزشتہ کئی روز سے سینکڑوں زرعی و سکنی رجسٹریاں نہ ہونے سے سائلین شدید مشکلات کا شکار ہیں،رجسٹریاں نہ ہونے سے سرکاری فیسوں کی مد میں جمع ہونے والا ریونیو بھی رک گیا،تفصیل کے مطابق تحصیل آفس بورے والا میں تحصیلدار کی عدم تعیناتی کے باعث زرعی و سکنی جائیداد کی رجسٹریاں نہ ہونے سے سائیلین شدید پریشانی کا شکار ہے اور لوگوں کی رجسٹری کروانے کی مدت ختم ہو رہی ہے جس سے کروڑوں روپے کے نقصان کا اندیشہ ہے ذرائع کے مطابق ایک ہفتہ قبل آڈٹ برانچ کی رپورٹ پر تحصیلدار محمد اسحاق کو انکے عہدہ سے ہٹا دیا گیا تھا جبکہ ایک ہفتہ گزر جانے کے باوجود تاحال انکی جگہ نئے تحصیلدار کی تعیناتی نہ ہونے سے زمینوں کی رجسٹریوں کے مسائل سنگین صورتحال اختیار کر گئے ہیں شہریوں نے ڈی سی وہاڑی سے تحصیلدار کی جگہ فوری طور پر کسی ریونیو آفیسر کو چارج دینے کا مطالبہ کیا ہے۔