ایڈیشنل سیشن جج کے حکم پر پی ٹی آئی کے مزید 6 کارکنان کو رہا کر دیا گیا

بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)ایڈیشنل سیشن جج بورے والا مرزا شاہد بیگ نے ضمانت پر رہا ہونے والے پی ٹی آئی کے 6 کارکنان کو عدالت بلوا کر رہا کرنے کا حکم دے دیا،رہا ہونے والے کارکنان کو بار روم میں پی ٹی آئی وکلاء کی مبارکبادیں،عدالتی فیصلے پر خوشی کا اظہار،تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں مقامی سول جج کی عدالت سے تھانہ ماڈل ٹاون کے دہشت گردی،اقدام قتل اور توڑ پھوڑ کےمقدمہ میں ضمانت پر رہائی پانے والے پی ٹی آئی کے 6 کارکنان تیمور سکندر ڈوگر،محمد اسلم ڈوگر،عبدالوحید،غضنفر رحمان،شکیل احمد اور اسلم زیب کی ضمانت کے خلاف مقامی پولیس نے ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں ضمانت منسوخی کی درخواست دائر کی تھی جس پر آج عدالت نے پولیس کو حکم دیا تھا کہ تمام ملزمان کو عدالت کے روبرو پیش کیا جائے تمام کارکنان کو جب عدالت میں پیش کیا گیا تو پی ٹی آئی کے وکلاء سمیت دیگر وکلاء جنرل سیکرٹری بار راحیلہ منور،ملک فرقان یوسف،ملک فاروق احمد اعوان،چوہدری مختار احمد جٹ اور مہر طاہر امجد نے دلائل دیتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ سول جج کی عدالت سے ضمانت پر جیل سے رہائی کے موقع پر پولیس تمام کارکنان کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر لے گئی تھی اور انہیں چار روز سے غیر قانونی حراست میں رکھا ہوا تھا جبکہ پولیس کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ان کارکنان کو عدالتی حکم پر انکے گھروں سے لا کر پیش کیا گیا ہے دلائل سننے کے بعد عدالت نے تمام کارکنان کو رہا کر دیا ان کارکنان کی رہائی کے بعد پی ٹی آئی کارکنان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور پی ٹی آئی کے وکلاء تمام کارکنان کو بار روم لے کر گئے جہاں انکی رہائی پر مبارک باد دیتے ہوئے عدالتی حکم پر خوشی کا اظہار کیا جس کے بعد کارکنان گھروں کو روانہ ہو گئے۔