ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک کا اچانک رات گئے ٹی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ

بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے اچانک رات گئے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال بورے والا کا دورہ کیا اور ٹی ایچ کیو ہسپتال کے مختلف وارڈز کا وزٹ کرنے کے بعد مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اس موقع پر ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر عمران بھٹی بھی موجود تھے ڈپٹی کمشنر نے مریضوں کی تیمارداری کی اور طبی سہولیات کی فراہمی بارے بھی دریافت کیا مریضوں نے علاج معالجے کی سہولت پر اطمینان کا اظہار کیا ڈپٹی کمشنر نے ڈاکٹرز اور سٹاف کی حاضری کو بھی چیک کیا انہوں نے ہسپتال کے ریکارڈ،فارمیسی اور ادویات کی فراہمی کی جانچ پڑتال بھی کی ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے ڈاکٹرز اور سٹاف جذبہ خدمت سے فرائض ادا کریں سرکاری ہسپتالوں کے اچانک وزٹ کئے جائیں گے تا کہ مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا جا سکے۔
