حکومت نے پیٹرول بمب گرا کر قوم کو بدترین مہنگائی کے سمندر میں ڈبو دیا ہے۔ارکان اسمبلی

بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)مسلم لیگ(ن) کے ارکان اسمبلی چوہدری فقیر احمد آرائیں،سردار خالد محمود ڈوگر اور چوہدری محمد یوسف کسیلیہ نے کہا ہے کہ حکومت نے پیٹرول بمب گرا کر قوم کو بدترین مہنگائی کے سمندر میں ڈبو دیا ہے،پیڑولیم مصنوعات میں ہوشرباءاضافہ سے چینی،گھی اور دیگر روز مرہ استعمال کی اشیاءقوت خرید سے باہر ہوتی جا رہی ہیں،نااہل حکمران نجانے پاکستانی قوم سے کس بات انتقام لے رہے ہیں عمران حکومت نے اس ملک کو مہنگائی کی دلدل میں دھکیل دیا ہے اور عمران خان ریاست مدینہ کا نام لیکر اپنی عوام دشمن پالیسیوں کے ذریعے اس ملک کو کوفہ کی ریاست بنانے کے مشن پر گامزن ہیں،میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف نے ایک خوشحال ملک چھوڑا تھا لیکن پی ٹی آئی نے اس ملک کو بدترین معاشی بدحالی سے دوچار کر کے رکھ دیا ہے،ملک کو چلانا ان نااہل حکمرانوں کے بس کی بات نہیں رہی،ان عوام دشمن پالیسیاں عوام پر عذاب بن کر نازل ہو رہی ہیں،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک ماہ کے دوران 20 روپے فی لیٹر کا اضافہ سے مہنگائی میں سو گنا اضافہ حکومت کیلئے ڈوب مرنے کا مقام ہے بجٹ پیش کرنے کے ساتھ ہی منی بجٹ آنا شروع ہو گئے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔