پی ٹی آئی کے عہدیداران کو دیوار سے لگانے کے حکومتی ہتھکنڈوں سے ہم خوفزدہ نہیں ہونگے ۔ فاروق اعوان

بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)پاکستان تحریک انصاف بورے والا کے صدر ملک فاروق احمد اعوان نے کہا ہے کہ میلسی میں پی ٹی آئی کے تحصیل جنرل سیکرٹری مبشر حسین سگو پر میلسی کے لیگی ایم این اے کے ایماءپر پولیس کا بدترین تشدد شرمناک ہے،(ن)لیگ پولیس کو ذاتی ملازموں کے طور پر استعمال کرتے ہوئے انتقامی کاروائیوں پر اتر آئی ہے مبشر سگو کے ڈیرہ پر جا کر اُنکے سیاسی مخالفین نے ریاستی دہشت گردی کا جو مظاہرہ کیاہے اس پر پی ٹی آئی خاموش نہیں رہے گی پی ٹی آئی کے عہدیداران کو دیوار سے لگانے کے حکومتی ہتھکنڈوں سے ہم خوفزدہ نہیں ہونگے اگر پولیس انتظامیہ نے مبشر سگو پر بلاجواز تشدد اور (ن)لیگ کی انتقامی کاروائی کا نوٹس نہ لیا تو پی ٹی آئی اس ظلم اور جبر کے خلاف ضلع بھر میں احتجاج کی کال دے گی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ (ن)لیگ کے گلو بٹ کلچر کا خاتمہ بہت جلد ہونیوالا ہے اور پولیس کو چاہئے کہ وہ (ن)لیگ کا آلہٰ کار بن کر اُنکے سیاسی مخالفین کے خلاف پولیس گردی بند کرے۔