جوئیہ روڈ پر سونے کے تاجر سے 50لاکھ کی ڈکیتی کا واقعہ انتہائی قابل افسوس ہے۔خالد ڈوگر
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)مسلم لیگ(ن) کے ایم پی اے سردار خالد محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ جوئیہ روڈ پر سونے کے تاجر سے(50)لاکھ کی ڈکیتی کا واقعہ انتہائی قابل افسوس ہے،بورے والا شہر جو کہ امن کا گہوارہ تھا اُسے جرائم پیشہ افراد نے گھیر رکھا ہے آئے روز شہر کے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ گروپوں اور بگڑے رئیس زادوں کی طرف سے سرعام فائرنگ کے واقعات نے شہریوں کو خوفزدہ کر رکھا ہے کھلے عام سڑکوں پر اسلحہ لہراتے امن کے دشمنوں نے شریف شہریوں کا جینا حرام کر رکھا ہے،فائرنگ کے واقعات میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کے باوجود مقامی پولیس ابھی تک ان امن دشمنوں کو شہریوں کے سامنے بے نقاب کرنے اور انکو عبرت کا نشان بنانے میں ناکام نظر آ رہی ہے یہی جرائم پیشہ اسلحہ بردار مختلف قسم کی وار داتوں میں بھی ملوث ہیں پولیس انتظامیہ ایسے ناسوروں کو فوری گرفتار کر کے انکے چہرے میڈیا کے ذریعہ بے نقاب کرے اور پرامن شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقین بنائے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔