نئے پاکستان کیلئے جدوجہد کرنے والے کارکنان کو پارٹی ہر سطح پر اہمیت دے گی۔چوہدری سرور
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ نئے پاکستان کیلئے جدوجہد کرنے والے کارکنان کو پارٹی ہر سطح پر اہمیت دے گی،عمران خان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے والے کارکنان ہمارا اصل اثاثہ ہیں،پارٹی کارکنان کو انکا جائز مقام دلایا جائے گا،تحصیل،ضلعی،صوبائی اور مرکزی سطح پر مختلف محکموں کی مانیٹرنگ کمیٹیوں میں کارکنان کو شامل کیا جا رہا ہے،ملک کو درپیش موجودہ معاشی مسائل پر حکومت بہت جلد قابو پا لے گی،ملک کو لوٹنے والے باری باری اپنے انجام کو پہنچ رہے ہیں،قومی خزانے سے لوٹی گئی ایک ایک پائی کا حساب دینا پڑے گا یہ قوم کا پیسہ ہے اور یہ قومی چوروں اور لیٹروں سے واپس لیکر اس ملک کو معاشی اور اقتصادی طور پر مستحکم بنانا وزیر اعظم کا مشن ہے،کارکنان اپنے اپنے علاقوں میں انتظامیہ سے رابطہ کر کے اُنکے مسائل کے حل اور اُنکی شکایات کے ازالہ کیلئے کام کریں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز گورنر ہاﺅس میں سٹی صدر ملک فاروق احمد اعوان،تحصیل صدر طارق محمود باجوہ اور ملک محمد سرور پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر وہاڑی سے پی ٹی آئی کے ایم پی اے رائے ظہور احمد کھرل بھی موجود تھے۔