بورے والا کے نواحی قصبے سے تین روز سے لاپتہ نوجوان کی نعش دریائے ستلج سے برآمد
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)بورے والا کے نواحی قصبے سے تین روز سے لاپتہ نوجوان کی نعش دریائے ستلج سے برآمد،تفصیلات کے مطابق ساہوکا کے نواحی گاﺅں چک نمبر 309 ای بی کے رہائشی زمیندار مہدی خان پٹھان نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا کہ مورخہ 20 مارچ کو شام چار بجے میرا چچا زاد بھائی محمد ساجد پٹھان گھر سے سودا سلف خریدنے اور اپنے پیر سے ملاقات کی غرض سے موٹرسائیکل پر سوار ہو کر قریبی قصبے ساہوکا گیا لیکن شام تک گھر واپس نہ آیا تو گھر والوں نے موبائل فون پر اس سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن اس کا موبائل بند تھا تو ہمیں تشویش لاحق ہوئی اور اس سلسلہ متعلقہ پولیس تھانہ ساہوکا کو اطلاع دے کر اپنے عزیز و اقارب و دوست احباب کے ہمراہ اس کی تلاش و بسیار شروع کر دی اور آج تین روز بعد اس کی موٹرسائیکل و دیگر پارچات دریائے ستلج کنارے پڑے ملے تو غوطہ خورں کی مدد سے نعش کی تلاش شروع کی گئی تو اس مقام سے آٹھ کلومیٹر دور موضع بڈھن شاہ کے نزدیک دریائے ستلج سے نعش برآمد ہوئی مبینہ طور پر متوفی کے جسم پر تشدد اور گلا گھونٹنے کے نشانات پائے گئے ہیں نیز اس موقع پر جب متوفی کی نعش اس کے گھر پہنچی تو وہاں کہرام برپا ہو گیا اور عزیز و اقارب دھاڑیں مار مار کر روتے رہے جبکہ دوسری طرف پولیس تھانہ ساہوکا نے پوسٹ مارٹم کے بعد نعش کو ورثاء کے حوالے کر کے نامعلوم ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔