حاصل پور روڈ پر ٹریفک کا المناک حادثہ،ایک ہی خاندان کے پانچ افراد لقمہ اجل بن گئے
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)حاصل پور روڈ پر ٹریفک کا المناک حادثہ،بورے والا کے ایک ہی خاندان کے ماں اور دو بیٹوں سمیت پانچ افراد لقمہ اجل بن گئے،دو افراد زخمی،خاندان کا سربراہ حادثے کا صدمہ برداشت نہ کرتے ہوئے بے ہوش،گاﺅں میں کہرام برپا ہو گیا،بدقسمت خاندان حاصل پور شادی میں شرکت کیلئے جا رہا تھا،تفصیلات کے مطابق بورے والا کے نواحی گاﺅں 297 ای بی کے رہائشی محمد اقبال کی بیوی شازیہ بی بی،دو بیٹے انس محمود،عبدالرحمن،قربی رشتہ داروں 15سالہ محمد شاہد،کلثوم بی بی،داﺅد احمد اور شمیم کے ہمراہ کیری ڈبہ پر حاصل پور ایک شادی میں شرکت کیلئے جا رہے تھے کہ ہیڈ اسلام کے قریب سامنے سے آنے والی تیز رفتار بس نے ایک بھینس کو بچاتے ہوئے انہیں بری طرح کچل ڈالا جس کے نتیجہ میں شازیہ بی بی،اسکے دونوں بیٹے انس اور عبدالرحمن کے علاوہ انکے قریبی رشتہ دار شاہد اور کلثوم جاں بحق ہو گئے جبکہ دیگر دو افراد داﺅد اور شمیم بی بی شدید زخمی ہو گئے اس حادثہ کی اطلاع پاکر خاندان کا سربراہ محمد اقبال وہاں پہنچتے ہی صدمے سے بے ہوش ہو گیا جسے زخمیوں کے ساتھ فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا حادثے کا شکار بدقسمت خاندان کی پانچ نعشیں جب گاﺅں پہنچیں تو کہرام برپا ہو گیا ہر آنکھ اشکبار تھی۔