سانحہ ساہیوال میں شہید ہونے والی فیملی کے ورثاءکا جے آئی ٹی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)سانحہ ساہیوال میں شہید ہونے والی فیملی کے ورثاء اور اہل دیہہ کا جے آئی ٹی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ،وزیر اعلیٰ سے استعفے اور جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ،کل جوڈیشل کمیشن نہ بنانے کی صورت میں پورے پنجاب میں پہیہ جام،ہڑتال کی دھمکی دیدی،تفصیلات کے مطابق سانحہ ساہیوال میں سی ٹی ڈی کے ہاتھوں شہید ہونے والی خلیل احمد کی فیملی کے ورثاء نے آج اپنے آبائی گاﺅں 293/ای بی میں شہید کے کزن رضوان احمد اور تایا محمد حنیف کی قیادت میں اہل دیہہ کے ہمراہ احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے جے آئی ٹی کو مسترد کر دیا اور کہا کہ جے آئی ٹی سے انہیں انصاف کی کوئی توقع نہیں اس مقدمہ کی تفتیش کیلئے حکومت فوری طور پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دے اور وزیر اعلیٰ پنجاب استعفیٰ دیں ورنہ 24گھنٹوں بعد ہم پورے پنجاب میں پہیہ جام احتجاج کی کال دیں گے جس میں تمام شہروں کے اندر احتجاجی دھرنے دیئے جائیں گے مظاہرے میں شریک کالج کے طلباء کا کہنا تھا کہ ہم تمام کالجز کے طلباء کو بھی اس احتجاج میں شرکت کی کال دیں گے اور انصاف کے حصول تک احتجاج جاری رکھیں گے شہید خلیل احمد کی بہنوں کا کہنا تھا کہ عمران خان جو مدینہ کی ریاست قائم کرنے کے دعوے کرتے تھے کہاں ہے مدینہ کی ریاست کیا مدینہ کی ریاست میں ایسے ظلم ہوتا ہے اور کیا مظلوم کو انصاف ایسے ملنا ہے ہمارا خاندان تباہ ہو گیا ہے ہمیں ہمارا بھائی،باپ کو بیٹا،بہو اور پوتی کون دے گا معصوم بچے اب کس کے ہاتھ پر اپنے امی ابو اور بہن کا لہو تلاش کریں گے ہمیں اگر انصاف نہ دیا گیا تو ہم مردوں کے ساتھ سڑکوں پر انصاف کیلئے نکلیں گی۔