بار کے سالانہ انتخابات کیلئے صدارت اور جنرل سیکرٹری کے عہدہ پر انتہائی کانٹے کا مقابلہ متوقع
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)بار ایسوسی ایشن بورے والا کے سالانہ انتخابات آج 12جنوری کو ہونگے،امیدواروں کی جانب سے پرتکلف دعوتوں کا سلسلہ اختتام کو پہنچ گیا،جوڑ توڑ کے لیے امیدواروں کی نیندیں اڑ گئیں،پولنگ کے لیے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل،تفصیلات کے مطابق بار ایسوسی ایشن بورے والا کے سالانہ انتخابات کے لیے صدارت اور جنرل سیکرٹری کے عہدہ پر انتہائی کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے آج 12جنوری کو انتخابات کے سلسلہ میں پولنگ صبح 9بجے سے شام 5بجے تک جاری رہے گی صدرات کے عہدہ پر سردار شہزاد ڈوگر اور ملک فرقان یوسف کھوکھر کے مابین ون ٹوون کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے جبکہ جنرل سیکرٹری کے عہدہ پر بھی چوہدری خرم ریاض اور کاشف مقبول جٹھول کے مابین بھی سخت مقابلہ دیکھا جا رہا ہے امیدواروں کی جانب سے گذشتہ 15روز سے جاری پرتکلف دعوتوں کا سلسلہ بھی اختتام پذیر ہو گیا جن میں وکلاء کی خواہشات کے مطابق مختلف اقسام کے کھانوں کا اہتمام کیا جاتا رہا بورے والا بار کے 735ارکان اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے انتخابات کی خاص بات یہ ہے کہ بار کے ایسے ممبران جو پورا سال بار میں نظر نہیں آتے وہ ان انتخابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے دیگر شہروں سے اپنے تمام امور چھوڑ کر دعوتوں میں پیش پیش نظر آ رہے ہیں الیکشن کے لیے پولنگ بار روم میں ہو گی جس کیلئے پولیس کی جانب سے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں الیکشن بورڈ کے چیئرمین میاں علی احمد صابر اپنے ارکان چوہدری محمد صدیق اور رانا خادم حسین کے ہمراہ اپنے فرائض انجام دیں گے۔