آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا اسوہ حسنہ آج بھی ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔اظہر خورشید
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)معروف سکالر اظہر خورشید(آف فیصل آباد) نے کہا ہے کہ رسول اکرمﷺ نے جہالت کی وادیوں میں گھری ہوئی انسانیت کو اندھیروں سے نکال کر رشد و ہدایت کی راہ پر گامزن فرمایا،امیر و غریب،آقا و غلام،گورے و کالے اور عربی و عجمی سبھی کو ایک صف میں لا کر کھڑا کر دیا،رسول اکرمﷺ کی بعثت سے انسانی معاشرہ رشد و ہدایت کی راہ پر گامزن ہوا اور اس کا کھویا ہوا وقار بحال ہوا آپ نے ایسا انسانی معاشرہ تشکیل دیا جس کی نظیر تاریخ نہیں پیش کر سکتی،آپ نے دنیا کو انسانیت،محبت،بھائی چارے اور عدل و انصاف کی تعلیم دی اور سب سے پہلے خود اس پر عمل کر کے دکھلایا،آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا اسوہ حسنہ آج بھی ہمارے لئے مشعل راہ ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں منعقدہ جلسہ بعثت رحمت عالم میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا جلسہ سے پروفیسر مشتاق حسین نے بھی خطاب کیا جبکہ نقابت کے فرائض پروفیسر چوہدری عبدالخالق نے انجام دیئے جبکہ اس موقع پر میاں ادریس ایڈووکیٹ،میاں اویس علی،سردار عمران ڈوگر،شعیب احمد،محمد عمر علوی،محمد رفیق علوی،سینئر صحافی محمد محفوظ الحق قادری کے علاوہ لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔