ملتان روڈ پر گندم سے لوڈ تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالر نے دو خواتین اور دو بچوں کو کچل دیا
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)ملتان روڈ پر گندم سے لوڈ تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالر نے دو خواتین اور دو بچوں کو کچل دیا،خواتین اور دو بچے موقع پر جاں بحق،ٹریکٹر ڈرائیور فرار،تفصیلات کے مطابق نواحی گاﺅں 563ای بی کے رہائشی محمد خالد کی اہلیہ رخسانہ بی بی اسکی 8سالہ بھتیجی زینب،3 سالہ احمد طاہر اور انکی عزیزہ خالدہ پروین سکنہ 247ای بی دیگر رشتہ داروں کے ہمراہ مرضی پورہ میں اپنے قریبی رشتہ دار ابرار احمد کی شادی میں شرکت کیلئے گلی نمبر1 مرضی پورہ پہنچے اور ویگن سے اتر کر خواتین اور بچے پیدل سڑک عبور کر رہے تھے کہ اسی اثناء میں ایک تیز رفتار کار آئی جس نے پیدل گزرنے والوں کو معمولی ٹکر ماری تو جان بچانے کیلئے بھاگیں لیکن پیچھے سے آنے والے گندم سے بھرے ٹریکٹر ٹرالر نے انہیں بری طرح کچل دیا جس سے رخسانہ بی بی،احمد طاہر اور زینب موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جاں بحق ہونے والوں کے اعضاء دور دور تک بکھر گئے جبکہ خالدہ پروین کو زخمی حالت میں ٹی ایچ کیو ہسپتال بورے والا منتقل کر دیا گیا جہاں ہسپتال کے عملہ نے معمولی طبی امداد دینے کے بعد اسے گھر بھیج دیا جو کہ گھر جاتے ہی دم توڑ گئی اس بڑے سانحہ کے بعد شادی والے گھر میں کہرام مچ گیا اور جاں بحق ہونے والوں کے ورثاء اور رشتہ داروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ملتان روڈ کو مکمل بلاک کر دیا ایک گھنٹہ تک ٹریفک مکمل بلاک رہی واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اے ایس ہی آصف رضا بھی ہسپتال پہنچ گئے اور جاں بحق افراد کے ورثاء کو انصاف کی مکمل فراہمی کی یقین دہانی کروائی جسکے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کر دیں ٹرالر کے ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ورثاء نے اے ایس پی بورے والا کو ہسپتال کے عملہ کی مبینہ لاپرواہی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا بھی مطالبہ کیا مظاہرین نے اے ایس پی کی یقین دہانی پر ٹریفک بحال کر دی۔