پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پر مہنگائی کا جن بے قابو ہو گیا،ٹرانسپورٹر نے کرایوں میں 25فیصد اضافہ کر دیا
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پر مہنگائی کا جن بے قابو ہو گیا،ٹرانسپورٹر نے کرایوں میں 25فیصد اضافہ کر دیا،عام روزہ مرہ اشیاء کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور مہنگائی کے خلاف تاجروں کا احتجاجی مظاہرہ،تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد مہنگائی کا جن بے قابو ہو گیا ٹرانسپورٹرز نے من مانی کرتے ہوئے کرایوں میں 25فیصد تک اضافہ کر کے شہریوں کا استحصال شروع کر دیا جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور عام روزہ مرہ اشیاء کی قیمتوں میں بھی ناقابل برداشت حد تک اضافہ ہو چکا ہے اس صورتحال پر وہاڑی بازار کے تاجروں عبدالرﺅف شیخ اور غلام صابر تیمور کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے اس ہوشربا اضافے سے ہونے والی مہنگائی کے خلاف شدید رد عمل کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ حکومت قومی خزانے میں ہونے والی اربوں روپے کی کرپشن کا بوجھ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے ڈال رہی ہے جس سے غریب اور عام آدمی کی مالی مشکلات میں غیر معمولی اضافہ ہو چکا ہے انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ واپس لے کر مہنگائی پر قابو پایا جائے۔