ادھار کی رقم واپس مانگنے پر بااثر افراد نے حافظ قرآن کی داڑھی اور سر کے بال مونڈھ دیئے

بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)ادھار کی رقم واپس مانگنے پر گاؤں کے بااثر افراد نے حافظ قرآن کی داڑھی،بھنوئیں اور سر کے بال مونڈھ کر منہ بھی کالا کر دیا،بہیمانہ تشدد،متاثرہ شخص تھانے گیا تو ایس ایچ او نے ذہنی مریض سمجھ کر حوالات میں بند کر دیا،تفصیلات کے مطابق نواحی گاؤں 283/ای بی کے رہائشی محنت کش حافظ قرآن اسماعیل ولد ابراہیم نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ اسی گاؤں کے ہی رہائشی فدا حسین ولد فقیر حسین آرائیں نے مجھ سے 20 ہزار روپے ادھار لئے تھے اپنے پیسے واپس مانگنے پر فدا حسین طیش میں آ گیا اور سحری کے وقت اپنے ساتھیوں محسن آرائیں،ماسٹر اشرف بھٹے والا،عمیر،وسیم،حمزہ آرائیں اور افضل بھٹے والا کے ہمراہ مجھے گھر سے زبردستی اٹھا کر اپنے ڈیرہ پر لے گئے جہاں ملزمان نے مجھے بیہمانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور استرے سے میری داڑھی،بھنوئیں،مونچھیں اور سر کے بال مونڈھ دئیے اور میرا منہ کالا کر دیا جبکہ اس زیادتی کی شکایت لے کر تھانہ گگو منڈی گیا تو ایس ایچ او نے ذہنی مریض سمجھ کر حوالات میں بند کر دیا مقامی لوگوں نے مداخلت پر رہائی دلوائی لیکن ملزمان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی گئی متاثرہ محنت کش حافظ محمد اسماعیل نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی محمد عیسیٰ خان سے انصاف دلائے جانے کی اپیل کی ہے۔