فائرنگ سے زخمی نوجوان کا مقدمہ اصغر جٹ،عمر جٹ اور تین افراد کے خلاف درج

بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی نوجوان کا مقدمہ سابق ایم این اے اصغر جٹ اور چوہدری نذیر جٹ کے بیٹے سمیت تین افراد کے خلاف درج،اصغر جٹ اور عمر نذیر جٹ صوبائی حلقہ سے امیدوار بھی ہیں،چوہدری نذیر احمد جٹ نے مقدمہ کو سیاسی انتقام کی شرمناک مثال قرار دے دیا،تفصیلات کے مطابق نواحی گاؤں 193(ای بی) کے نوجوان 21 سالہ فیضان مصطفی کو حمزہ ٹاؤن میں نامعلوم مسلح کار سواروں نے فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا تھا جسے تشویشناک حالت میں نشتر ہسپتال ملتان ریفر کر دیا گیا تھا فائرنگ کی وجہ معلوم نہ ہو سکی تھی ذرائع سے معلوم ہوا تھا کہ فائرنگ کا واقعہ فیضان کی طرف سے پسند کی شادی کا شاخسانہ لگتا ہے تا ہم زخمی نوجوان فیضان کی والدہ کی مدعیت میں تھانہ گگومنڈی پولیس نے رات گئے سابق ایم این اے و امیدوار صوبائی اسمبلی چوہدری اصغر جٹ،ان کے کزن چوہدری نذیر احمد کے بیٹے امیدوار صوبائی اسمبلی عمر نذیر جٹ اور طاہر نقاش جٹ سمیت تین نامزد اور دو نامعلوم افراد کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کر لیا اس مقدمہ کو سابق ایم این اے چوہدری نذیر احمد جٹ نے سعودی عرب سے اپنے بیان میں جھوٹا اور انتقامی سیاست کی شرمناک مثال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے سیاسی مخالفین اپنی شکست کے خوف سے اس قدر بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں کہ اس جھوٹے مقدمہ میں ڈیڑھ سال سے سعودی عرب میں مقیم میرے بیٹے عمر نذیر جو صوبائی حلقہ سے امیدوار بھی ہیں انکو نامزد کیا گیا ہے متاثرہ گھرانے پر دباؤ ڈال کر ہمارے خلاف بے بنیاد مقدمہ درج کروا کے سیاسی مخالفین نے غلط روایت قائم کی ہے لیکن ہم ایسے جھوٹے مقدمات سے خوفزدہ ہرگز نہیں ہونگے اور مخالفین کو الیکشن میں ایسے حربوں کا جواب بدترین شکست کی صورت میں دیں گے۔