خالد نثار ڈوگر کو عدالت میں پیش نہ کیا تو ملتان روڈ پر دھرنا دیں گے۔وکلاء کا اعلان

بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)سینئر ممبر بار و پی ٹی آئی ٹکٹ ہولڈر خالد نثار ڈوگر کی گرفتاری کا چوتھا روز،بار میں تیسرے روز بھی مکمل ہڑتال،ملتان روڈ پر وکلاء کا احتجاجی مظاہرہ،روڈ بلاک،خالد نثار ڈوگر کو پولیس فی الفور عدالت میں پیش کرے ورنہ احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیا جائے گا،اس وقت ملک میں مارشل لاء سے بھی بدتر حالات پیدا ہو چکے ہیں،سابق صدر بار،تفصیلات کے مطابق بورے والا بار کے سینئر ممبر و پی ٹی آئی ساوتھ پنجاب کے راہنماء اور مقامی ٹکٹ ہولڈر سردار خالد نثار ڈوگر کی پولیس کے ہاتھوں تھانہ ماڈل ٹاون کے ایک مقدمہ میں گرفتاری کو چار روز گزر جانے کی باوجود عدالت میں پیش نہ کئے جانے کے خلاف بورے والا بار میں تیسرے روز بھی مکمل ہڑتال کی گئی وکلاء عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے اس حوالہ سے کمیٹی روم میں ہنگامی اجلاس منعقد ہوا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری بار راحیلہ منور،نائب صدر کاشف خاں سلدیرا،سابق صدور چوہدری محمود اختر گھمن،مہر طاہر امجد،جاوید شاہین،ملک فرقان یوسف،آفتاب احمد ساہوکا،چوہدری محمد شفیق اور دیگر وکلاء نے کہا کہ چار روز سے پولیس نے ہمارے ممبر بار کو گرفتار کر کے لاپتہ کیا ہوا ہے جنہیں ابھی تک عدالت میں بھی پیش نہیں کیا گیا ہم آئین اور قانون کی عمل داری چاہتے ہیں خالد نثار کو جس بھی جرم میں گرفتار کیا گیا ہے اسے فی الفور عدالت کے سامنے پیش کیا جائے اس وقت ملک میں ڈنڈے کا قانون لاگو ہے لاقانونیت کی انتہاء ہے ضیاء اور مشرف کے مارشل لاء سے بھی بدترین حالات ہو چکے ہیں اگر ایک وکیل کو اس طرح گرفتاری کے بعد غائب کر دیا گیا ہے تو عام آدمی اور سیاسی ورکرز کے ساتھ کیا ہو رہا ہو گا اگر کل صبح تک خالد نثار کو پیش نہ کیا گیا تو وکلاء پنجاب بار سے گزارش کر کے پورے پنجاب میں ہڑتال کریں گے اور روڈ بلاک کر کے قومی شاہراہ پر دھرنا دیں گے۔