تعلیمی اداروں میں 8 ویں روز بھی تدریسی نظام ٹھپ،دفاتر کی تالہ بندی جاری

بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)پینشن قوانین میں تبدیلی،لیو ان کیشمنٹ میں کٹوتی اور تعلیمی اداروں کی پرائیوٹائزیشن کے خلاف تعلیمی اداروں میں 8 ویں روز بھی تدریسی نظام ٹھپ،محکمہ تعلیم،محکمہ مال اور دیگر صوبائی محکموں کے دفاتر کی تالہ بندی جاری،مطالبات کی منظوری تک ہڑتال ختم نہ کرنے کا اعلان،تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے اساتذہ سمیت دیگرصوبائی محکموں کے ملازمین کی ریٹائرمنٹ پر پینشن قوانین میں تبدیلی،گریجوایٹی اور لیو ان کیشمنٹ میں کٹوتی اور تعلیمی اداروں کی نجکاری کے خلاف صوبے بھر کی طرح بورے والا سمیت ضلع بھر کے سرکاری تعلیمی اداروں میں آٹھویں روز بھی تدریسی بائیکاٹ جاری ہے سکولوں میں طلباء و طالبات کی تعلیمی سرگرمیاں مکمل معطل ہو چکی ہیں محکمہ تعلیم اور دیگر صوبائی محکموں کے دفاتر کے علاوہ پٹواریوں کے دفاتر کی تالہ بندی بھی جاری ہے ڈسٹرکٹ ہیڈ ماسٹرز ایسوسی ایشن کے صدر وکیل احمد بھٹی،ایپکا کے ضلعی صدر محمد طیب بھٹی،انجمن پٹواریاں کے ضلعی صدر ملک محمد سرور،جنرل سیکرٹری غلام فخرالدین اور دیگر محکموں کے عہدیداران نے کہا ہے کہ حکومتی بے حسی انتہاء کو پہنچ چکی ہے اپنی ضد اور ڈنڈے کے زور پر ملازمین کو انکو حقوق سے دستبردار کروانا چاہتی ہے لیکن ملازمین نے فیصلہ کرلیا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک ہڑتال ختم نہیں کریں گے۔