لاہور میں اساتذہ و دیگر ملازمین کی گرفتاریوں کے خلاف اساتذہ اور طالبات کی احتجاجی ریلی

بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)لاہور میں اساتذہ و دیگر ملازمین کی گرفتاریوں کے خلاف اور مطالبات کے حق میں اساتذہ اور دیگر محکموں کے سینکڑوں ملازمین کی احتجاجی ریلی،خواتین اساتذہ اور طالبات نے ملتان روڈ قومی شاہراہ بلاک کر دی،پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ،کل سے ضلع بھر کے تعلیمی ادارے غیر معینہ مدت کیلئے بند کرنے کا اعلان،تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر کے اساتذہ و دیگر ملازمین کی جانب سے لاہور میں اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی کرنے والے اساتذہ و دیگر ملازمین کی گرفتاریوں کے خلاف اور اپنے مطالبات کے حق میں تمام سکولوں کے اساتذہ اور ایپکا ملازمین نے ایک احتجاجی ریلی نکالی جس کی قیادت ہیڈ ماسٹرز ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر وکیل احمد بھٹی،چوہدری خالد مجید،مسسز عابدہ اسلام،رمضان طاہر سعیدی،ایپکا راہنماوں منور علی گوہر بھٹی،ماجد یوسف اور سید سجاد احمد نے کی ریلی کے شرکاء نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جبکہ گرلز سکولوں کی اساتذہ اور طالبات نے ان گرفتاریوں کے خلاف چونگی نمبر 5 پر احتجاج کرتے ہوئے قومی شاہراہ بلاک کر دی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی مظاہرین سے خطاب میں اساتذہ اور ایپکا راہنماوں کا کہنا تھا کہ لاہور میں ملازمین کی گرفتاریاں قابل مذمت ہیں پنجاب کے ملازمین کی ریٹائرمنٹ پر پینشن قوانین میں تبدیلی اور لیو ان کیشمنٹ کا نیا قانون لاکھوں ملازمین کا معاشی قتل ہے پنجاب حکومت نجانے کس کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے اساتذہ اور ایپکا نے اس حکومتی جبر اور ناانصافی کے خلاف کل سے تمام تعلیمی ادارے اور دفاتر بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے جبکہ دیگر اداروں میں بھی کام چھوڑ ہڑتال کی جائے گی حکومت ہوش کے ناخن لے گرفتار اساتذہ کو فوری رہا کر کے پینشن قوانین میں تبدیلی واپس لے اور سرکاری سکولوں کی نج کاری کا فیصلہ بھی واپس لے۔