مکئی کی فصل پر سنڈی کا حملہ،ہزاروں ایکڑ کھڑی فصل بری طرح برباد

بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)مکئی کی فصل پر سنڈی کا حملہ،ہزاروں ایکڑ کھڑی فصل بری طرح برباد ہو گئی،زرعی ادویات کے استعمال کے باوجود سنڈی کی روک تھام نہ ہو سکی،مجموعی پیداوار میں کمی کا اندیشہ،تفصیلات کے مطابق بورے والا سمیت ضلع وہاڑی میں گزشتہ دو ماہ سے کپاس کی فصل پر پتے کھانے والی سنڈی کے حملہ سے مکئی کی ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں بری طرح تباہ ہو رہی ہیں مکئی کے کاشتکار اس سنڈی کے خاتمہ کیلئے سپرے اور دیگر زرعی ادویات کا مسلسل استعمال کر رہے ہیں لیکن اس سنڈی کا کوئی سدباب نہیں ہو سکا مکئی کی تیار فصل کے پتے چھلنی ہو چکے ہیں مکئی کی فی ایکڑ کاشت پر کاشتکار بیج،زمین کی تیاری،کھاد،سپرے اور ٹیوب ویل کے پانی سمیت دیگر اخراجات کی صورت میں ڈیڑھ ڈیڑھ لاکھ روپے خرچ کر چکا ہے لیکن ابھی بھی اسکی فصل محفوظ نہیں جس کی پیداوار میں بھی کمی کا اندیشہ پیدا ہو گیا اس صورتحال میں کسان شدید پریشانی میں مبتلا ہے کسانوں نے محکمہ زراعت کے اعلی حکام سے اس کے فوری سدباب کا مطالبہ کیا ہے اس حوالہ سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت چوہدری محمد الطاف سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے مکئی کی فصل پر اس سنڈی کے حملہ سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فصلوں پر وائرس یا سنڈی وغیرہ کے حملہ کے متعلق پلانٹ شعبہ پروٹیکشن ہی بہتر بتا سکتا ہے جبکہ پلانٹ پروٹیکشن انسپکٹر سے فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن ان سے رابطہ نہیں ہو سکا۔