آپریشن کے رستے میں رکاوٹ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔وسیم اختر،عمر فاروق

بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)ایکسیئن میپکو بورے والا وسیم اختر اور ڈی ایس پی محمد عمر فاروق نے کہا ہے کہ بجلی چوروں اور نادھندگان کے خلاف آپریشن کا آغاز ہو چکا ہے کسان اتحاد ہو یا کوئی بھی بااثر شخص ہو میپکو نے ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کی بلوں کی وصولی یقینی بنانی ہے کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں حکومت کی ہدایت کے مطابق بلوں کی ریکوری اور بجلی چوری کا خاتمہ ہر ممکن یقینی بنایا جائے گا یہ قومی مفاد کا آپریشن اپنے مطلوبہ نتائج حاصل کرنے تک جاری رہے گا،نادھندگان اور بجلی چوروں کا بوجھ عام آدمی اور بل ادا کرنے والے صارف پر نہیں پڑنے دیا جائے گا،آپریشن کے رستے میں رکاوٹ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی نادھندگان کے کنکشن منقطع کر کے تمام تنصیبات اتارنے کے بعد ان سے واجب الادا بلوں کی وصولی کیلئے ہر قانونی طریقہ استعمال کیا جائیگا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی ایس پی آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ایس ڈی اوز رانا محمد کامران،طلحہ محمود،محمد اشرف،طارق جمیل،عبدالحکیم،ایس ایچ او تھانہ صدر محمد ندیم بھٹی اور ایس ایچ او تھانہ سٹی چوہدری محمد اکرام بھی موجود تھے دریں اثناء میپکو اور پولیس کی ٹیم نے ایکسیئن میپکو وسیم اختر کی قیادت میں 24 لاکھ روپے کے نادھندہ 150 (ای بی) کے مالک علی اور 26 لاکھ کے نادھندہ 142 (ای بی) کے فضل کریم کے ڈیروں پر کاروائی کرتے ہوئے ٹرانسفارمرز،میٹرز اور دیگر تمام تنصیبات اتارنے کے بعد انکے خلاف مقدمات کے اندراج کیلئے متعلقہ تھانوں میں استغاثے بھجوا دیئے کاروائی کے دوران دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔