ضلعی انتظامیہ سیلاب متاثرین کی مشکلات کم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔سید آصف شاہ

بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)ڈپٹی کمشنر سید آصف حسین شاہ نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ سیلاب متاثرین کی مشکلات کم کرنے کیلئے کوشاں ہے،ضلع میں 80 دیہات سیلاب سے متاثر ہیں ضلعی انتظامیہ نے محکمہ مال، ریسکیو اور پولیس کی مدد سے 29 ہزار سے زائد لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا،ایک ماہ قبل کم سیلاب آنے پر دی گئی سیلاب کی وارننگ پر بیشتر آبادیاں خالی کرا لی گئیں تھیں اسی وجہ سے اونچے درجے کا سیلاب آنے پر بھی نقصانات کم ہیں 20 فلڈ ریلیف کیمپوں اور 3خیمہ بستیوں میں تمام سہولیات میسر ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیلابی علاقوں کا دورہ اور ساہوکا جملیرا میں ریلیف و ریسکیو آپریشن کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ فلڈ ریلیف کیمپوں اور خیمہ بستیوں میں ہر قسم کی سہولت دینے کو تیار ہے لیکن سیلاب متاثرین کی اکثریت کیمپوں میں آنے سے گریزاں ہے سیلاب متاثرین اپنے رشتہ داروں کے پاس قیام پذیر ہیں ریلیف کیمپوں میں آنے والے متاثرین اور ان کے جانوروں کو سہولیات دے رہے ہیں ساہوکا میں سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورہ کے دوران لوگوں نے مچھروں کی بہتات کی شکایت کی ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کو فوری مچھر مار سپرے کرانے کی ہدایت کی ڈپٹی کمشنر نے ریسکیو کے جوانوں کو سیلاب زدہ علاقوں سے لوگوں کو صرف ریسکیو کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ سیلابی علاقوں میں ٹرانسپورٹیشن کی سہولت بند کی جائے ہماری ترجیح انسانی جانوں کا تحفظ ہے اس سلسلہ میں کسی قسم کا خطرہ مول نہ لیں اور زبردستی غیر محفوظ ذرائع سے دریا میں اترنے والوں کو پولیس حوالات میں بند کرے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ میڈیا لوگوں کو آگاہی دے انہوں نے بتایا کہ سیلابی پانی میں کمی کا رحجان ہے ہیڈ ورکس اسلام اور میلسی سائفن پر پانی کی سطح کم ہو رہی ہے البتہ بھارت کی طرف سے مزید سیلابی پانی چھوڑنے کی اطلاعات ہیں لہذا ہمیں نقصانات سے بچنے کے لیے احتیاط کا راستہ اپنانا ہے اسسٹنٹ کمشنر عبدالباسط صدیقی نے ریلیف ریسکیو آپریشن پر بریفنگ دی جبکہ اس موقع پر ایس ایچ او ساہوکا شاہد اسحاق بھی موجود تھے۔