طلباء تنظیموں کے دو گروپوں میں فائرنگ کا تبادلہ،ایک نوجوان زخمی،چار موقع پر گرفتار

بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)طلباء تنظیموں سے تعلق رکھنے والے دو گروپوں میں قومی شاہراہ لاہور روڈ پر فائرنگ کا تبادلہ،فائرنگ سے ایک نوجوان زخمی،موقع سے فرار ہونے والے چار ملزمان کو پولیس نے تعاقب کرکے گرفتار کرلیا،تفصیلات کے مطابق مقامی طلباء تنظیموں ایم ایس ایف اور ایم ایس ایم سے تعلق رکھنے والے دونوں گروپوں رانا اویس گروپ اور ثاقب نک گروپ کے مابین دیرینہ رنجش پر لاہور روڈ قومی شاہراہ پر آمنے سامنے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس سے راہگیروں اور شہریوں میں بھگڈر مچ گئی ثاقب نک فائر لگنے سے زخمی ہو گیا چند سو گز کے فاصلہ پر محرم کے جلوس کی ڈیوٹی پر مامور ڈی ایس پی عمر فاروق اور ایس ایچ او سٹی چوہدری اکرام فوری طور پر موقع پر پہنچے تو زخمی ملزم سمیت تمام ملزمان پولیس کو دیکھتے ہی فرار ہو گئے پولیس نے تعاقب کر کے ثاقب نک سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ رانا اویس فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا پولیس نے کاروائی شروع کر دی۔