پولیس نے پی ٹی آئی کارکنوں کو اقدام قتل اور دہشت گردی کے مقدمہ میں نامزد کر دیا

بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)تھانہ ماڈل ٹاون پولیس نے ضلع وہاڑی میں نظر بند کئے گئے پی ٹی آئی کارکنان کو اقدام قتل کے مقدمہ میں نامزد کر کے مقدمہ میں دہشت گردی کی دفعات کا اضافہ کر دیا،تمام نامزد ملزمان کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کر دیا گیا،تفصیلات کے مطابق تھانہ ماڈل ٹاون پولیس نے 10 مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے خلاف لاری اڈا بورے والا پر احتجاج پولیس پر پتھراو اور جھڑپ کے دوران گولی لگنے سے ایک نوجوان کے زخمی ہونے کے الزام میں ایس ایچ او تھانہ ماڈل ٹاون کی مدعیت میں اقدام قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا تھا جبکہ ان مظاہروں کے بعد ضلع بھر سے پی ٹی آئی کے 120 سے زائد کارکنان و عہدیداران کو جیل میں نظر بند کر دیا تھا گزشتہ روز تھانہ ماڈل ٹاون پولیس نے اسی مقدمہ میں انسداد دہشت گردی کی دفعات کا اضافہ کر دیا جس کی روشنی میں پولیس نے تمام نامزد ملزمان کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا عدالت نے تمام ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔