اے غفار پاشا جیسی شفیق اور ملنسار شخصیت صدیوں بعد پیدا ہوتی ہے۔معززین شہری

بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)عصر حاضر کی ایک قد آور علمی،ادبی،تخلیقی و تحقیقی شخصیت پریس کلب بورے والا کے سینئر ممبر نامورصحافی،شاعر،ادیب،محقق و ممتازقانون دان اے غفار پاشا ایڈووکیٹ (مرحوم) کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں پریس کلب بورے والا کے صدر چوہدری اصغر علی جاوید،سابق صدر احمد وسیم شیخ،ڈائریکٹر پنجاب کالج پروفیسر مجید اکبر،پروفیسر غزالہ خضر،ملک کے معروف نعت خواں سید لیاقت حسین گیلانی،پروفیسر کرامت شکیل،اصغرعلی جاوید کامریڈ،محمد اختر،سابق جنرل سیکریٹری میاں ظفر اقبال،پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے صدر عبدالسلام دانش،عمران مدھر،سیاسی و سماجی شخصیت شیخ عابد اور دیگر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مرحوم کے دیرینہ دوستوں اور شاگردان کے علاوہ پریس کلب کے ارکان نے بھی شرکت کی مقررین نے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اے غفار پاشا کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا انہوں نے کہا کہ اے غفار پاشا جیسی شفیق،ملنسار،پروقار اور نابغہ روزگار شخصیت عشروں اور صدیوں بعد پیدا ہوتی ہے انہوں نے حمد و نعت،قصیدہ و مرثیہ،نظم غزل،انشائیہ اور اداریہ کے علاوہ دیگر اصناف سخن میں اپنا لوہا منوایا۔