پولیس نے جعلی ٹوکن کے ذریعے آٹا وصول کرنے والے گروہ کو گرفتار کر لیا

بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)پولیس نے مفت آٹا تقسیم سنٹر پر جعلی ٹوکن کے ذریعے آٹے کے تھیلے وصول کرنے والے گروہ کے تین ارکان کو گرفتار کر لیا،گروہ کے ارکان اصلی ٹوکن کو کمپیوٹر میں سکین کر کے اس کے کاپی پرنٹ نکلوا کر سادہ لوح افراد کے ذریعے آٹے کے تھیلے وصول کرتے تھے،تفصیلات کے مطابق تھانہ ماڈل ٹاون پولیس کو قائد اعظم سٹیڈیم میں مفت آٹا تقسیم کیلئے بنائے گئے سنٹر سے فلور ملز کے عملہ نے مشکوک جعلی ٹوکن کے ذریعے آٹا وصول کرنے والے گروہ کے متعلق اطلاع دی جس پر ایس ایچ او تھانہ ماڈل ٹاؤن چوہدری ناصر محمود نے موقع پر جا کر جعلی ٹوکن پر آٹا وصول کرنے والی ایک خاتون کو پکڑ کر اسکی نشاندہی پر وہاں سنٹر کے باہر موجود نواحی گاوں 457 (ای بی) سے تعلق رکھنے والے اس جعل ساز گروہ کے تین ارکان سید طاہر عباس،محمد شان اور محمد عباس کو گرفتار کر لیا اور دوران تلاشی ان کی جیبوں سے 20 سے زائد جعلی ٹوکن بھی برآمد کر لئے جو کہ گزشتہ دو تین روز سے یہ جعل سازی کرتے آ رہے تھے گروہ کے ارکان آٹا کے حصول کیلئےآنے والی سادہ لوح خواتین اور مردوں کو دو ٹوکن دے کر اندر بھیجتے اور آٹا وصول کر کے باہر آنے والوں سے ایک تھیلہ خود لیتے تھے جس کے ذریعے اب تک سینکڑوں تھیلے لے جا چکے تھے پولیس نے کاروائی کا آغاز کر دیا ہے۔