جنوبی پنجاب کے ضلع وہاڑی کا انفراسٹرکچر تباہ ہو چکا ہے۔چوہدری طارق محمود

بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)جماعت اسلامی ضلع وہاڑی کے امیر چوہدری طارق محمود نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے ضلع وہاڑی کا انفراسٹرکچر تباہ ہو چکا ہے،سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل ہو چکی ہیں اور عوام پریشان ہیں جبکہ حکمران اپنی کرسی کی لڑائی میں مصروف ہیں،حکومتیں باہمی دھینگا مشتی میں عوام کا کچومر نکالنا بند کریں،ضلع وہاڑی کی عوام کو بیدار ہونا ہو گا ملتان،وہاڑی اور بورے والا روڈ کی جلد تعمیر اور اسے ون وے روڈ نہ بنایا گیا تو جماعت اسلامی احتجاجی دھرنوں کے علاوہ احتجاج کا ہر رستہ اختیار کرے گی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی عبدالخالق شاکر،امیر تحصیل بورے والا حاجی عبدالوحید خالد،یاسر وحید،محمد رمضان سلیمی،امیر شہر،محمد سلیم طاہر،عبدالرحمان منا و دیگر ذمہ داران موجود تھے انہوں نے کہا کہ ملتان،وہاڑی اور بورے والا روڈ ایک عرصہ سے تباہ ہو چکا ہے جس کی وجہ سے حادثات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے سال 2022 میں اس روڈ پر 7372 حادثات ہوئے جن میں 10,764 افراد زخمی اور 414 افراد اپنی جان کی بازی ہار گئے جو کہ سڑک نہ بنانے کی حکومتی مجرمانہ غفلت ہے اس روڈ کی تباہی کی وجہ سے اس وقت یہاں حادثات کے ساتھ ساتھ چوری اور ڈکیتیوں میں بھی اضافہ ہو چکا ہے امن و امان کی صورتحال مخدوش ہے روز کئی افراد اپنی قیمتی اشیاء سے محروم ہو رہے ہیں جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم اس مسئلہ پر عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس مسئلہ پر سول سوسائٹی،تاجروں،کسانوں،وکلاء،طلبہ اور ٹرانسپورٹرز کے ساتھ مل کر بھرپور تحریک چلائیں گے جماعت اسلامی نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ہم اس روڈ کی تعمیر کیلئے احتجاجی مظاہرے کریں گے اور احتجاجی کیمپ لگائیں گے جس کے ذریعے عوامی رابطہ مہم چلائی جائے گی اگر ان تمام سرگرمیوں کے باوجود بھی سڑک کی تعمیر شروع نہ ہوئی تو سڑک کو مختلف جگہوں سے دھرنا دیکر بلاک کر دیا جائے گا۔