زرعی یونیورسٹی سب کیمپس کی جانب سے گندم بڑھاؤ مہم کے سلسلہ میں سیمینار کا انعقاد

بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی جانب سے شروع کی جانے والی گندم بڑھاؤ مہم کے سلسلہ میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں کاشتکاروں کی دہلیز پر گندم کی زیادہ پیداوار کی حامل اقسام،زمین کی تیاری،کھادوں کا متناسب استعمال،آبپاشی،جڑی بوٹیوں کا تدارک،کٹائی کا جدید طریقہ و دیگرمراحل کے بارے کسانوں کو آگاہی دی گئی،زرعی یونیورسٹی سب کیمپس بورے والا میں منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں سے گندم کے زیر کاشت رقبہ میں بتدریج کمی کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے جس پر قابو پانے کیلئے پچھلے سال حکومتی سطح پر کسانوں کو گندم کی کاشت کی طرف راغب کرنے کیلئے زرعی جامعات اور محکمہ زراعت توسیع کے باہمی اشتراک سے گندم بڑھاؤ مہم کا آغاز کیا گیا تھا انہوں نے کہا کہ اس سال اس مہم میں وسعت لاتے ہوئے پنجاب کی زرعی جامعات کے پچاس ہزار طلباء و طالبات دیہاتوں کا رخ کریں گے اور زرعی ماہرین کی زیر نگرانی کسانوں کو گندم کی پیداوار بڑھانے کے بارے میں آگاہی دیں گے انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کیلئے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں گندم کی اعلی کوالٹی کی اقسام کی تیاری پر کام جاری ہے ترقی پسند کاشتکار گندم کی 70 سے 80 من فی ایکڑ پیداوار حاصل کر رہا ہے جبکہ چھوٹے کاشتکار کئی وجوہات کی بنا پر 35 من فی ایکٹر پیداوار حاصل کر رہے ہیں جدید زرعی علوم کو استعمال کرتے ہوئے اناج میں خود کفالت کے چیلنجز سے نبرد آزما ہوا جا سکتا ہے تصدیق شدہ بیج کا استعمال،زمین کی تیاری سمیت مختلف زرعی سفارشات سے کاشتکاروں کی راہنمائی کر کے زرعی ترقی کے اہداف حاصل کئے جا سکتے ہیں تقریب سے خطاب میں ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع ملتان شہزاد صابر نے کہا کہ زرعی جامعات کے ساتھ گندم بڑھاؤ مہم ایک سنگ میل ثابت ہو گی جو کہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے ساتھ ساتھ غذائی خود کفالت کا خواب پورا کرنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی سیمینار سے اسسٹنٹ کمشنر بورے والا عادل عمر،ممبران قومی اسمبلی سید ساجد مہدی سلیم شاہ،چوہدری فقیر آرائیں،اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت ضلع وہاڑی رانا الطاف اور پرنسپل ڈاکٹر ساجد محمود ندیم نے بھی خطاب کیا تقریب میں ممبران صوبائی اسمبلی سردار خالد محمود ڈوگر،چوہدری یوسف کسیلیہ،صدر وہاڑی چیمبر آف کامرس میاں خالد حسین،چوہدری اسامہ احمد آرائیں اور پیر عامر ممتاز چشتی کے علاوہ سینکڑوں مقامی کسانوں نے شرکت کی۔