گورنمنٹ کالج کے نئے پرنسپل کے خلاف طلباء کا احتجاجی مظاہرہ

بورے والا(وسیم ڈوگر سے)گورنمنٹ کالج کے نئے پرنسپل نے سٹوڈنٹس پر ڈنڈا اٹھا لیا،طلباء پر مبینہ تشدد اور بھاری جرمانوں کے خلاف طلباء مشتعل،ملتان روڈ بلاک کر کے احتجاجی مظاہرہ،پرنسپل پر غیر اخلاقی رویئوں کے مبینہ الزامات،عارضی پرنسپل کو فوری ہٹا کر فوری مستقل تعیناتی کا مطالبہ،تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج کے طلباء محمد اویس،محمد شہباز،فقیر حسین،سجاول،قمر زمان اور علی رضا سمیت دیگر طلباء نے کالج میں چند روز قبل عارضی طور پر تعینات ہونے والے پرنسپل پروفیسر مظفر محمد حسین کی جانب سے طلباء پر بلاجواز تشدد،بھاری جرمانوں اور انکے مبینہ غیر اخلاقی اور غیر سنجیدہ مزاج کے خلاف کلاسوں کا بائیکاٹ کر کے ملتان روڈ پر کالج گیٹ کے سامنے شدید احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں پرنسپل کے خلاف غیر اخلاقی نعرے بازی کی گئی اورالزام عائد کیا گیا کہ پرنسپل طلباء پر بلاجواز تشدد کرتے ہیں انکو معمولی باتوں پر بھاری جرمانے عائد کرتے ہیں جس سے طلباء میں خوف کی فضاء طاری ہے اور انکا تعلیمی نقصان ہو رہا ہے شکایت کرنے پر کالج سے نکالنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں اگر عارضی پرنسپل کو فوری ہٹا کر مستقل پرنسپل کی تعیناتی نہ کی گئی تو کالج کا تعلیمی ماحول خراب ہو گا اور ہم کلاسوں کا بائیکاٹ جاری رکھیں گے دوسری جانب پرنسپل پروفیسر مظفر محمد حسین کا کہنا ہے کہ میں کالج کے نظام کو ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہا ہوں جنکو اس سے تکلیف پہنچ رہی ہے وہی عناصر مظاہرہ کر رہے ہیں میں نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا جب تک ہوں اپنا کام ایسے ہی کرتا رہوں گا۔