وزیر اعظم کی زیر صدارت موسمیاتی تبدیلی کونسل کا پہلا اجلاس منعقد ہوا

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزیر اعظم میاں شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان موسمیاتی تبدیلی کونسل (پی سی سی سی) کا پہلا اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب،وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید شاہ،وفاقی وزیر بجلی انجینئر خرم دستگیر،آزاد جموں و کشمیر
کے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس،صوبوں،گلگت بلتستان،آزاد جموں و کشمیر کی حکومتوں کے وزراء،حکام،ماہرین ماحولیات اور سول سوسائٹی کے اراکین نے شرکت کی،وزیر اعظم شہباز شریف نے موسمیاتی تبدیلی کونسل کی تشکیل کے حوالے سے وزارت موسمیاتی تبدیلی کے اقدام کو سراہتے ہوئے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی کی طرف سے عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے پاکستان کا مقدمہ بہترین انداز میں پیش کرنے پر ان کی تعریف کی وزیر اعظم نے بتایا کہ اقوام متحدہ کے تحت 27ویں کانفرنس آف پارٹیز (سی او پی) نومبر 2022 میں مصر میں منعقد ہونے والی ہے جو پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے خطرات جیسا کہ غذائی قلت،غذائی تحفظ،سطح سمندر میں اضافہ اور آب و ہوا کی وجہ سے نقل مکانی میں اضافہ پر اپنا موقف پیش کرنے کا موقع فراہم کرے گی اجلاس کو بتایا گیا کہ گروپ 77 ممالک کا سربراہ ہونے کے ناطے پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے حوالے سے رکن ممالک کا کیس بھی پیش کرے گا۔