حالیہ سیلاب اور بارشوں سے ملک کا ایک تہائی حصہ پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔شہباز شریف

قازقستان(نیوز ڈیسک)وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے سیکا کے پلیٹ فارم کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں تعاون بڑھانے اور اعتماد سازی کے حوالے سے سیکا اہم کردار ادا کر سکتی ہے سیکا کے رکن ممالک خطے میں قیام امن اور تعاون بڑھانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں،پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث غیرمعمولی صورتحال کا سامنا ہے حالیہ سیلاب اور بارشوں سے ملک کا ایک تہائی حصہ پانی میں ڈوبا ہوا ہے اور اربوں ڈالر کا نقصان ہوا ہے،1600 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ہزاروں کلومیٹر سڑکیں اور پل پانی میں بہہ گئے اور لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں،ماحولیاتی آلودگی میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے لیکن پاکستان اس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملکوں میں شامل ہے،سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے پاکستان تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے،پاکستان دوست ممالک سے فراخددلانہ امداد پر ان کا شکر گزار ہے،پاکستان میں 3 کروڑ سے زیادہ سیلاب متاثرین کی بحالی بہت بڑا چیلنج ہے ان کی آباد کاری میں دہائیاں لگیں گی،ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں سیکا کے چھٹے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا وزیر اعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے دورۂ پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں اقوام متحدہ کی طرف سے 816 ملین ڈالر کی امداد کی حالیہ اپیل خوش آئند ہے،وزیراعظم نے مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے قیام کیلئے مسئلہ فلسطین حل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا انہوں نے سی پیک کو پورے خطے کی ترقی کیلئے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ سی پیک روڈ اینڈ بیلٹ کا اہم منصوبہ ہے اس سے پاکستان سمیت پورے خطے میں تجارتی سرگرمیاں بڑھیں گی۔