حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کر کے انسان دشمنی کی آخری حدیں عبور کر دیں۔سردار خالد محمود

بورے والا(نمائندہ خصوصی)مسلم لیگ(ن) کے ممبر پنجاب اسمبلی سردار خالد محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ اور پاکستانی روپے کی قدر میں روز بروز کمی سے آنے والا مہنگائی کا طوفان ملک میں ایتھوپیا جیسی صورتحال پیدا کر دے گا،حکومت بے بس اور لاچار قوم پر مہنگائی کے بم گرا کر انسان دشمنی کی آخری حدیں عبور کر رہی ہے اب قوم میں مزید بوجھ برداشت کرنے کی سکت باقی نہیں رہی پیٹرول بم،چینی بم،آٹا بم کے بعد اب ڈر ہے کہ نااہل حکومت قوم پر ایٹم بم ہی نہ گرا دے نااہل حکومت پاکستانی قوم کو مہنگائی کے گڑھے میں دفن کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے،آئی ایم ایف کی شرائط مان کر پاکستانی قوم کے خون کا آخری قطرہ تک نچوڑنا تبدیلی سرکار کا مشن ہے،حکومت اب پوری طرح مفلوج ہو چکی ہے جن بیساکھیوں کے سہارے حکومت چل رہی ہے بہت جلد وہ بیساکھیاں بھی تبدیلی سرکار کی ڈوبتی کشتی کو سہارا نہیں دے پائیں گی اور ملک میں عوام کے حقیقی نمائندوں کی حکومت ہی اس ملک کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دے سکے گی،مہنگائی کے خلاف اب حکومتی پارٹی کے کارکنان بھی زبان کھولنے پر مجبور ہو چکے ہیں اور قوم کا بچہ بچہ اس حکومت سے نجات کیلئے دعائیں مانگ رہا ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔