بورے والا شہر اور گردونواح میں شدید طوفانی بارش،متعدد مقامات پر ژالہ باری
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)شہر اور گردونواح میں شدید طوفانی بارش،متعدد مقامات پر ژالہ باری،نشیبی علاقے زیر آب آ گئے،دوکان کی چھت گرنے سے دو مزدور ملبے تلے دب کر زخمی،بجلی کا نظام مفلوج ہو گیا،تفصیلات کے مطابق منگل کی صبح بورے والا اور اسکے گردونواح شدید طوفانی بارش نے جل تھل ایک کر دیا نشیبی علاقے زیر آب آ گئے گلیاں اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں متعدد سرکاری دفاتر اور سکولوں میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہو گیا ملازمین اور چھٹی کے وقت بچوں کو گھر واپس جانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ملتان روڈ قومی شاہراہ کئی کئی فٹ پانی میں ڈوب گئی ٹریفک کی روانی متاثر ہو کر رہ گئی شدید بارش کے ساتھ متعدد علاقوں میں ژالہ باری کے بھی اطلاعات موصول ہوئیں جس سے موسم یکسر تبدیل ہو گیا جبکہ شدید طوفانی بارش سے رتہ ٹبہ پر ایک آڑھتی کی دوکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر دو مزدور امتیاز اور نزاکت شدید زخمی ہو گئے جنہیں ریسکیو 1122 نے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا جہاں انکی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے بارش کے دوران شہر اور دیہات کے اکثر فیڈر ٹرپ کر گئے جس سے سینکڑوں دیہات اور شہر کے اکثر علاقوں میں بجلی معطل ہو کر رہ گئی۔