ڈی سی وہاڑی کے تعلیمی اداروں پر اچانک چھاپوں نے سی او ایجوکیشن کے دعوﺅں کی قلعی کھول دی

بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)چیف ایگزیکٹو تعلیم کی عدم دلچسپی اور چشم پوشی سے سرکاری سکولوں میں تعلیم کا معیار گرنے لگا،تعلیمی اداروں میں بچوں سے صفائی اور ذاتی کام کاج نے نئی نسل کو تعلیم سے محروم کرنا شروع کر دیا،سی ای او ایجوکیشن اور دیگر افسران فرضی دوروں کے ذریعہ ٹی اے ڈی اے بنانے میں مصروف،ڈی سی وہاڑی کے تعلیمی اداروں پر اچانک چھاپوں نے سی او ایجوکیشن کے دعوﺅں کی قلعی کھول دی،تفصیلات کے مطابق بورے والا سمیت ضلع بھر کے اکثر سرکاری تعلیمی اداروں میں کروڑوں روپے کے فنڈز کی فروانی کے باوجود خادم اعلیٰ پنجاب کے”پڑھو پنجاب بڑھو پنجاب“کے ویژن کو محکمہ تعلیم کے سی ای او اور دیگر افسران نے ناکام بنا دیا ہے سرکاری سکولوں میں بچوں سے صفائی کروانے اور ساتذہ کی جانب سے بچوں کو ذاتی کاموں پر لگائے رکھنے کی شکایات میں روز بروز اضافی ہوتا جا رہا ہے سالانہ نتائج بھی مایوس کن حد تک گر گئے جس کے مقابلہ میں کم وسائل خرچ کرنےو الے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے نتائج میں بہتری آ رہی ہے غریب محنت کش اور مزدور طبقہ کے لوگ بھاری فیسیں ادا نہ کرنے کی وجہ سے اپنے بچوں کو سرکاری تعلیمی اداروں میں داخل کروا دیتے ہیں جہاں غیر معمولی تنخواہوں اور سکولوں میں موجود کروڑوں روپے کے ایس ایم سی فنڈز کے باوجود کارکردگی روز بروز گرتی جا رہی ہے اس تمام تر صورتحال پر پردہ پوشی کرتے ہوئے چھ سال سے ایک ہی ضلع میں تعینات سی او ایجوکیشن وہاڑی محکمہ تعلیم کے حکام کو سب اچھا کی فرضی رپورٹیں بھیج کر حکومت اور عوام کو ماموں بنا رہے ہیں اور دفتر میں بیٹھ کر فرضی دوروں کے نام پر لاکھوں روپے کا ٹی اے ڈی اے وصول کر رہے ہیں ڈی سی وہاڑی نے گذشتہ روز اچانک مختلف تعلیمی اداروں پر چھاپے مارے تو سی او ایجوکیشن کی کارکردگی کھل کر سامنے آ گئی جس پر انہوں نے برہمی کا اظہار بھی کیا عوامی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔