محکمہ سوئی گیس نے بورے والا کی عوام کو قربانی کا بکرا بنا دیا،گیس پریشر 70 فیصد تک کم کر دیا
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)محکمہ سوئی گیس نے اپنے صارفین پر کلہاڑا چلا دیا،گیس چوری اور لائن لاسسز کو پورا کرنے کیلئے گیس کے پریشر میں 70 فیصد تک کمی کر دی،گیس پریشر کم ہونے سے بورے والا،ماچھیوال اور گگومنڈی کو گیس کی سپلائی منقطع ہو گئی،شہریوں کا محکمہ سوئی گیس کے خلاف شدید احتجاج اور اعلیٰ افسران سے اصلاح و احوال کا مطالبہ،تفصیلات کے مطابق محکمہ سوئی گیس ملتان نے لائن لاسسز اور گیس چوری سے پیدا شدہ کمی کو پورا کرنے کیلئے بورے والا کی عوام کو قربانی کا بکرا بنا دیا اور گیس پریشر 70 فیصد تک کم کر دیا ہے محکمہ سوئی گیس کی طرف سے گیس پائپ میں پریشر 28 پونڈ سے کم کر کے 7 پونڈ کر دینے کی وجہ سے شہر کے زیادہ تر حصوں میں گیس کی سپلائی مکمل طور پر منقطع ہو گئی ہے جس کی وجہ سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کے ساتھ ساتھ خصوصاً خواتین کو کھانا پکانے میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے شہر بھر کی تمام سیاسی و سماجی تنظیموں سمیت نمائندہ شہریوں باﺅ جاوید،ریاض گجر،رانا محمد اجمل،اشتیاق احمد بھٹی،میاں مقصور آرائیں،ملک محمد جمیل،عبدالرﺅف چوہدری اور سید زاہد حسین مشہدی نے محکمہ سوئی گیس کے اعلیٰ افسران سے فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے گیس پریشر بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا کہ بورے والا کیساتھ محکمہ سوئی گیس کا یہ امتیازی سلوک کسی طور برداشت نہیں کیا جائیگا اور پریشر بحال نا ہونے کی صورت میں شہری زونل آفس میانچنوں کے سامنے احتجاج کرینگے جبکہ محکمہ سوئی گیس کے آفیسر نے اپنے موقف میں کہا ہے کہ یہ محکمہ کا ٹیکنیکل مسئلہ ہے جو ایک دو دن میں حل کر دیا جائیگا اور پریشر میں اضافہ ہو جائے گا۔