ملکی ترقی اور حقیقی تبدیلی کیلئے ہمیں اپنی سوچ کو تبدیل کرنا ہو گا۔ثاقب سلطان المحمود
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)ڈی پی او وہاڑی ثاقب سلطان المحمود نے کہا ہے کہ ملکی ترقی اور حقیقی تبدیلی کیلئے ہمیں اپنی سوچ کو تبدیل کرنا ہو گا جب تک ہم ذاتی مفاد پر ملکی مفاد کو ترجیح نہیں دیں گے تبدیلی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا گذشتہ 50 سالوں سے ہم معاشرتی بگاڑ کا نشانہ بنے ہوئے ہیں اب بھی ہمارے پاس وقت ہے ہم اپنے قومی مفاد کی سوچ کو اپنا کر آئندہ آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھیں معاشرے کے ہر طبقے کا یہ المیہ ہے کہ ہم اپنی ذات سے باہر نہیں نکلتے دنیا بھر میں جن قوموں نے بھی ترقی کی ہے انہوں نے اسلام کے راہنما اصولوں اور قومی سوچ کو اپنایا ہے جبکہ ہم نے ان سے دوری اختیار کر کے تنزلی کا راستہ اختیار کیا ہے ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ ہم نے ملکی مفاد کی سوچ کو تقویت دیکر اس ملک اور معاشرے کی ترقی کو صحیح سمت پر گامزن کرنا ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے ایس پی آفس میں عوامی شکایات کے فوری حل کیلئے منعقدہ کھلی کچہری سے قبل میڈیا اور نمائندہ شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر اے ایس پی آصف رضا،پی ٹی آئی کے راہنماﺅں ملک فاروق احمد اعوان،طارق محمود باجوہ،پی پی پی کے جنرل سیکرٹری چوہدری فیاض عظیم،پریس کلب بورے والا کے عہدیدران اور سول سوسائٹی نیٹ ورک کے ارکان بھی موجود تھے ڈی پی او وہاڑی ثاقب سلطان المحمود نے کہا کہ مقامی سطح پر کھلی کچہریوں کے انعقاد کا مقصد عوام کو انکی دہلیز پر انصاف کی فراہمی ہے وزیر اعلیٰ پنجاب کا یہ ویژن ہے کہ پولیس عوام کو مقامی سطح پر انصاف کی فراہمی اور انکی شکایات کا ازالہ یقینی بنائے تا کہ انہیں تھانوں اور افسران کے دفاتر میں دھکے نہ کھانے پڑیں ہمارا مقصد ظالم کو کیفر کردار تک پہنچانا اور مظلوم کی داد رسی ہے جس کے لیے ضلع وہاڑی کی پولیس عوام کا خادم بن کر اپنے فرائض انجام دے رہی ہے۔