تبدیلی سرکار نے اپنے پیاروں کو نوازنے کیلئے اربوں کا فائدہ پہنچایا۔ساجد شاہ،خالد ڈوگر
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)مسلم لیگ(ن) کے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی سید ساجد مہدی سلیم شاہ،چوہدری فقیر احمد آرائیں،سردار خالد محمود ڈوگر اور چوہدری محمد یوسف کسیلیہ نے کہا ہے کہ ملک کی 70 سالہ سیاسی تاریخ میں 25 جولائی سیاہ ترین دن ہے اس دن بدترین دھاندلی سے موجودہ سلیکٹڈ حکومت کا قیام عمل میں لایا گیا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم این اے ہاﺅس میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سابق ایم این اے چوہدری نذیر احمد آرائیں،سابق جنرل سیکرٹری بار سردار ظہور احمد ڈوگر اور نعیم صابر چوہدری کے علاوہ دیگر راہنماء بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ ایک سال کے دوران ملکی تاریخ میں بدترین معاشی بدحالی کی پہلے کوئی مثال نہیں ملتی ٹیکسز کی بھر مار سے مہنگائی کا جن بے قابو ہو گیا ہے اور عوام کی قوت خرید جواب دے گئی ہے تبدیلی سرکار نے اپنے پیاروں کو نوازنے کیلئے چینی مہنگی کر کے ان کو راتوں رات اربوں کا فائدہ پہنچایا انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں جمہوریت کی شکل میں ڈکٹیٹر شپ کا نظام رائج ہے لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال خراب ہے میڈیا پر پابندیاں لگائی جا رہی ہیں مسلم لیگی قائدین کو جھوٹے مقدمات کے تحت جیلوں میں قید کر کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ آج کے احتجاج میں شرکت کے لئے بورے والا سے بھی مسلم لیگ کے کارکن بھی لاہور گئے ہیں۔