بیساکھیوں کے سہارے بنائی گئی حکومت زیادہ دیر نہیں چل سکتی۔حمزہ شہباز شریف
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)مسلم لیگ(ن) کے نامزد امیدوار وزیر اعلیٰ پنجاب و ممبر صوبائی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیساکھیوں کے سہارے بنائی گئی حکومت زیادہ دیر نہیں چل سکتی،مسلم لیگ(ن) کو دیوار کے ساتھ لگانے کیلئے جن قوتوں نے کردار ادا کیا ہے وہ ملک کے جمہوری نظام کیلئے نقصان دہ ہے،انتخابات میں ہونے والی بے ضابطگیوں اور ان دیکھے ہاتھوں کی مداخلت نے ان انتخابات کی شفافیت کا پول کھول دیا ہے،میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف نے ملک کو ترقی کی نئی شاہراہ پر گامزن کیا اور پاکستانی قوم آج بھی اُن سے محبت کرتی ہے،انتخابات میں عوامی مینڈیٹ کو تبدیل کر کے ووٹ کی جو توہین کی گئی ہے مسلم لیگ(ن) ووٹ کی عزت بحال کرنے میں اپنی جدوجہد جاری رکھے گی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے بورے والا سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی سردار خالد محمود ڈوگر سے ملاقات کے دوران کیا اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خان بھی موجود تھے حمزہ شہباز شریف نے بورے والا کے تمام حلقوں سے مسلم لیگ(ن) کی بے مثال کامیابی پر سردار خالد محمود ڈوگر اور دیگر ارکان اسمبلی کو مبارک باد دی۔