دہشت گردی کے خاتمہ میں علماء کا کردار قابل تحسین ہے۔محمد رفیق رجوانہ گورنر پنجاب
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمہ میں علماء کا کردار قابل تحسین ہے،پیغام پاکستان کا قومی اور تاریخی بیانیہ تمام مسالک کے جید علماء کرام کی مشترکہ کاوشوں سے وجود میں آیا اس تاریخی قومی بیانیہ کو ہر سطح پر عام کیاجانا چاہیے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاﺅس لاہور میں پاکستان علماء کونسل کے صوبائی نائب صدر و ممبر اتحاد بین المسلمین کمیٹی حکومت پنجاب حافظ محمد ابوسفیان حنفی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا گورنر پنجاب نے کہا کہ اسلام کے نام پر بننے والی اس مملکت خداداد میں اسلام کی سر بلندی اور ملکی سالمیت کیلئے تمام مکاتب فکرکے علماء کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا قرآن و سنت کی روشنی پر مبنی علماء کی تقریریں و تحریریں دلوں پر اثر کرتی ہیں ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ پاکستان دنیا کی واحد اسلامی مملکت ہے جو نظر یہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آئی اور یہی نظریہ ہمارے دین و ایمان کا حصہ ہے اور اس کا صحیح تشخص اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے گورنر پنجاب نے کہا کہ ہم اس نبی رحمت کے پیروکار ہیں جنہوں نے ہمیشہ محبت،رواداری اور بھائی چارے کا درس دیا ہے اسلام کے نام پر دوسروں کو نقصان پہنچانے والوں کا اس دین سے کوئی تعلق نہیں پاکستان صرف مسلمانوں کیلئے ہی نہیں بلکہ اقلیتوں کیلئے بھی ایک محفوظ سر زمین ہے اور غیر مسلموں کو دی جانے والی مذہبی آزادی حقیقی معنوں میں اسلامی معاشرے کی عکاسی کرتی ہے بعدازاں حافظ محمد ابوسفیان حنفی نے گورنر پنجاب کی طرف سے دئیے گئے ظہرانے میں بھی شرکت کی۔